پاکیزہ معاشرے کی تعمیر کیلیے مضبوط عورت نظام کی بنیادی ضرورت ہے

305

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب نے کہا ہے کہ مضبوط خاندان اور پاکیزہ معاشرے کی تعمیر کے لیے محفوظ اور مضبوط عورت نظام کی بنیادی ضرورت ہے۔ خاندان ایک ادارہ ہے جہاں مرد اور عورت مل کر اپنی فطری اور حقیقی ذمے داریاں ادا کرتے ہیں،جماعت اسلامی نے ہمیشہ اس اہم نکتے کو اجاگر کرنے کے لیے انفرادی اور اجتماعی دائروں میں جدوجہد کی ہے۔ضلعی ترجمان نصرالسلام کے مطابق 10 فروری سے جاری ’’ مضبوط خاندان،محفوظ عورت، مستحکم معاشرہ‘‘ کے عنوان سے شروع ہونے والی مہم جو10مارچ تک جاری رہے گی اس مہم کے دوران خاندان کو متاثر کرنے والے عوامل،خواتین کے حقیقی مسائل، حقوق نسواں اور مثالی خاندان کی تشکیل کے لیے رہنما اصولوں کی تشہیر کی جارہی ہے۔شہر میں اس سلسلے میں اہم مقامات اور شاہراہوں پر بینرز آویزاں کیے جارہے ہیں۔جبکہ درپیش چیلنجز کے ادراک اور اس کے حل کے لیے ایک بڑی خواتین کانفرنس کا انعقادبھی کیا جائے گا۔نیز تربیت اولاد جیسے عنوانات پر مدرز ورکشاپ، نوجوانوں کیلیے یوتھ کنونشن،تحریری و تقریری مقابلے، والدین اور بزرگوں کے احترام و خدمت کے حوالے سے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن، سوشل میڈیا پر اصلاحی پیغامات اور ہفتے وار درس قرآن میں استحکام خاندان اور اسلام میں دیے گئے عورت کے حقوق و فرائض کو اجاگر کیا جائے گا۔ ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب نے مزید کہا کہ اگر ہم ملک و قوم کو ترقی، کامیابی اور خوشحالی کی طرف گامزن دیکھنا چاہتے ہیں تو ذہنی غلامی کا طوق اتار کر اپنے خاندانوں کی تربیت اسلام کے دیے ہوئے اعتماد اور رہنمائی کی بنیاد پر کرنی ہوگی۔