جماعت اسلامی عوامی امنگوں کی ترجمان تنظیم ہے،ڈاکٹرطارق سلیم

138

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ اپنے جھنڈے نشان اور پلیٹ فارم سے انتخابات میں جانے کی پالیسی حتمی ہے،جماعت اسلامی عوام کے امنگوں کی ترجمان تنظیم ہے ہرفردکے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں ذمے داران وکارکنان،عوام بالخصوص مؤثرطبقات کوجماعت کا حصہ بنانے کیلیے میدان عمل میں نکلیں اورورکنگ کوتیزکردیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے صوبائی ذمے داران، امرائے اضلاع وسیکرٹریزاورضلعی صدور سیاسی کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان، نائب امرائے صوبہ ڈاکٹر مبشر احمدصدیقی، قاضی محمد جمیل، ڈپٹی سیکرٹریزجنرل رسل خان بابر،راجا ممتاز حسین ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعا م الحق اعوان سمیت صوبے بھرسے امرائے اضلاع ودیگرذمے داران شریک ہوئے۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ تحریک انصاف اورپی ڈی ایم نے اپنے ہراقدام سے ثابت کیا کہ وہ ان کا ایجنڈا اور پالیسی ایک ہے ملک کو ہرلمحہ مسائل میں دھکیلنے اوراپنی تجوریاں بھرنے کے لیے پلاننگ کرنے والے عوام کے بدترین دشمن ہیں، پاکستانی قوم سیاست کوبدبوداربنانے والی تنظیموں تحریک انصاف،ن لیگ اورپیپلزپارٹی سے لاتعلق ہوکرجماعت اسلامی کی دیانتداراوراہل قیادت کی پشتیبان بن جائے۔ اقبال خان نے کہاکہ موجود ہ سابق حکومتوں پر مشتمل کرپٹ مافیا کادورختم ہونے والاہے اب عوام کی حکومت ہوگی، اضلاع بلدیاتی انتخابات میں تمام سیٹوں پر امیدوار نامزدکرنے کی حکمت عملی بنائیں اور مؤثر امیدواروں کی نامزدگی کے بعد انہیں عوام سے متعارف کروانے میں کرداراداکریں۔