مسلم لیگ (ن) علاقائی پارٹی بنتی جارہی ہے‘ اسدقیصر

359

اسلام آباد‘ صوابی (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنے نادانیوں کے باعث علاقائی پارٹی بنتی جارہی ہے، مریم نواز متنازع نعروں پر قوم سے معافی مانگے، نفرت انگیز نعروں سے کسی کے عزائم پورے نہیں ہوسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ اپنے اصول، ملک کی بقا، قانونی کی بالادستی اور عوام کی فلاح و بہبود پرکبھی سمجھوتا نہیں کریں گے، موجودہ حکومت بدعنوانی کے خلاف مینڈیٹ لے کر آئی ہے، سینیٹ انتخابات کے دوران ووٹ بیچنے والوں کے خلاف کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ایسے اقدامات پر لعنت بھیجتاہوں، زندگی بھر قوم کی عزت اور وقار کے لیے علم بلند کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔ سینیٹ میں ووٹ چھپانے کی روش ختم ہونی چاہیے تاکہ عوام کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ ماضی میں لوگوں نے اپنے ضمیرکا سودا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا بیڑا غرق کرنے والے کس منہ سے ملکی ترقی کی باتیں کرتے ہیں، پی آئی اے، واپڈا، 400 ملز سمیت دیگر قومی اداروں کا بیڑا غرق کرنے والوں کے منہ سے یہ باتیں سننا عجیب لگتا ہے، خدارا اپنے سیاسی مقاصد کی خاطر ملک اور قوم کو تقسیم کرنے کی ناکام کوشش نہ کریں۔