جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے زیر اہتمام ’’یوم کشمیر کانفرنس‘‘

227

جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز (جدہ) کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جس کی صدارت چیئرمین جموں و کشمیر اوورسیز کمیونٹی (سعودی عرب) خورشید احمد متیال نے کی جب کہ مہمانان خصوصی قونصل جنرل پاکستان خالد مجید، اوآئی سی میں پاکستان کے مستقل سفیر رضوان سعید شیخ، کشمیر کمیٹی جدہ کے چیئرمین مسعود پوری، سابق مشیر حکومت آزاد کشمیر سردار عنایت اللہ عارف تھے۔ سیکرٹری جنرل جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز راجا محمد ریاض نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری محمد آصف نے حاصل کی۔ اجلاس میں اوورسیز کمیونٹی کشمیر کے چیف آرگنائزر لطیف عباسی، سینئر وائس چیئرمین سردار وقاص، وائس چیئرمین سرداراشفاق، وائس چیئرمین انجینئرعارف مغل، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سردا مہتاب، سردار ابرار، سیکرٹری مالیات راجہ شمروز، سیکرٹری نشرواشاعت مصطفی خان، جموں کشمیر اوورسیز کمیونٹی سعودی عرب کے سینئر رکن نعمان تصدق، پاکستان کمیونٹی سے اے این پی کے مرکزی رہنما نوشیروان خٹک، پیپلزپارٹی سعودی عرب صدر چودھری تصدق اور قاری آصف نے خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیر کی آزادی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔
نام نہاد جمہوریت کا راگ الاپنے والا بھارت کشمیریوں کو 70 برس سے اپنے جبر اور فوجی طاقت سے ظلم کا شکار بنا رہا ہے۔ ریاستی دہشت گردی جاری رکھتے ہوئے کشمیریوں کے حقوق کی پامالی اپنے عروج پر ہے۔ قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت، عوام اور مسلح افواج کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ جب تک انہیں ان کے بنیادی حقوق نہیں ملتے، ہم ان کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان شیخ نے کہا کہ کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں اور دنیا بھر پر واضح کرتے ہیں کہ ہم بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں بھولے۔ بےشمار مظالم کے باوجود کشمیریوں کے بلند حوصلے ایک آزاد صبح کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم کشمیر کے بارے میں اصولی موقف پر قائم ہیں اور ہمیشہ ڈٹے رہیں گے۔ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، جب تک دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت مقبوضہ وادی میں طاقت کے استعمال اور جبر و تشدد کو بند نہیں کرتی۔ آزادی کشمیریوں کا بنیادی، جمہوری اور انسانی حق ہے۔ اقوام متحدہ کا یہ اخلاقی فرض ہے کہ اپنے منشور پر عمل کرواتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوموں کو آزادی کا بنیادی حق دلوائے کیوں کہ مسئلہ کشمیر پر بھارتی ہت دھرمی عالمی برادری اور پوری مہذب دنیا کے امن و انصاف کے لیے کھلا چیلنج بن چکا ہے۔ پاکستان بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو علاقائی اور عالمی فورمز پر بھرپور انداز سے اٹھاتا رہے گا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی اب زیادہ دور نہیں۔ آخر میں جموں کشمیر اوورسیز کمیونٹی سعودی عرب کے چیئرمین خورشید احمد متیال نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان قونصلیٹ اور او آئی سی کی جانب سے کشمیر کی آزادی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

مجلس محصورین کےتوسط سے پاکستانی کمیونٹی کا کشمیری بھائیوں سےاظہاریکجہتی

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے مجلس محصورین کے توسط سےاپنے پیغامات میں دنیا بھر کے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی (سعودی عرب) کے صدر تصور حسین چودھری نے کہا ہے کہ ہم اقوامِ عالم کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی میں ہم سب پاکستانی یک جان ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور قائد عوام شہید ذولفقار علی بھٹو نے تو پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی تھی اور کہا تھا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ایک ہزار سال تک بھی جنگ لڑنی پڑی تو لڑیں گے۔ انہوں نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا کہ اس کا واحد حل کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینا ہے۔ آج ہم سب پاکستانی کشمیری عوام کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کی قربانیوں پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی آزادی کی خواہش سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پوری ہو۔
پاکستان رائٹرز فورم کے چیئرمین انجینئر سید نیاز احمد نے کہا ہے کہ بھارتی فوجوں کے ہاتھوں مظلوم کشمیریوں کے حقوق کی مسلسل پامالی اور جبر و تشدد اقوام متحدہ اور ضمیر پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ اس معاملے میں مسلم ممالک کا کردار بھی تسلی بخش نہیں رہا، لہٰذا مؤثر اور فوری حل طلب کارروائی کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔
مکہ مکرمہ سے سینئر صحافی اور سماجی رہنما محمد عامل عثمانی نے کہا کہ اہل پاکستان مقبوضہ کشمیر تک ایک زنجیر کی صورت یہ آواز بلند کرتے ہیں کہ آپ کے حقوق کے لیے ہر لحاظ سے ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانون کو اقلیت میں بدلنے کے لیے غير قانونی اور غير آئینی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں اور تمام بین لااقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے مسلم نسل کشی میں نہ صرف اضافہ کر دیا ہے بلکہ اس پر فخر بھی محسوس کرتا ہے جب کہ دنیا نے تسلیم کیا ہے کہ ریاستی دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والا اگر کوئی ملک دنیا میں ہے تو وہ بھارت ہی ہے۔
سابق سعودی سفارتکار ڈاکٹر علی الغامدی، مجلس محصورین کے کنوینیئر سید احسان الحق، ڈاکٹر عبدالعلیم، انجینئر مسرور الٰہی، سینئر رکن الطاف ملک، اسلم تنویراور دیگر نے بھی اپنے پیغامات میں اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کی بھرپور حمایت کی۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جے یو آئی (جدہ) کی تقریب

مسئلہ کشمیرکواجاگر کرنے کے لیے پاکستان کی طرح دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں نے بھی بھرپور طریقےسے یوم یکجہتی کشمیر منایا۔ اسی مناسبت سے جدہ میں جمعیت علما اسلام نے ایک تقریب کا اہتمام کیا، جس میں مجلس عاملہ کے رکن قاری محمد عمران کی میزبانی میں قاری محمدرفیع اللہ ہزاروی کی زیرصدارت پروگرام ہوا۔ اس موقع پر اراکین نے کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کرتے ہوئے شرکت کی۔ تقریب کی کارروائی جمعیت جدہ کےقائم مقام جنرل سیکرٹری قاری اظہار الحق نے سرانجام دی۔
پروگرام کا آغاز جے یو آئی (جدہ) کے سالار اعلیٰ حافظ ابوبکر سندھی نے تلاوت کلام پاک سے کیا، جس کے بعد نائب صدر مولانا شمس الحق ہزاروی پاشتو نےدرس قران دیا۔ تقریب میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور مقبوضہ وادی کے مظلوموں کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی اداروں، تنظیموں اور اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک سے اپیل کی گئی کہ وہ مزید کوئی وقت ضائع کیے بغیر بھارت کے ظالم حکمرانوں پر دباؤ ڈالیں اور انہیں مجبور کریں کہ بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر فوج کے ہاتھوں ظلم و جارحیت کا سلسلہ بند کیا جائے۔
تقریب کے اختتام پر میزبان مجلس قاری محمد عمران کی جانب سے شرکا کے لیے پرتکلف عشایئے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر اراکین مجلس عاملہ قاری محمد رفیع اللہ ہزاروی، مولانا سمیع الحق تورغری، مولانا شمس الحق پاشتو، مولانا عبدالکریم قاسمی ہزاروی، قاری اظہار الحق، قاری حفیظ اللہ، پیر جلال الدین، قاری محمد نواز، قاری محمد علی سندھی، عبیداللہ، رحمن اللہ، حافظ ابو بکرسندھی، قاری ابرار شاہ، قاری محمد عمران، حاجی سیدفرقان شاہ، سعیدخان سواتی، اسلام اللہ، حاجی بہرام لالہ، قاری عبداللہ السندھی، عنایت الرحمن ہزاروی، قاری نیاز محمد اور دیگر شریک ہوئے۔