لینڈ مافیا نے عوام کی زندگی اجیران کی ہوئی ہے،شاہد رشید

307

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ لینڈ مافیا نے عوام کی زندگی اجیران کی ہوئی ہے۔ملک کو پسماندہ رکھنے میں اس مافیا کا کردار اہم ہے۔یہ مافیا سرکاری زمینوں پر قبضوں کے علاوہ عوام کی جمع پونجی لوٹنے میں مصروف ہے اور اس نے ملکی معیشت کوبھی یر غمال بنا رکھا ہے اس لیے اس کے خاتمہ کے لیے ایک خودمختار محکمہ بنایا جائے جبکہ قوانین کو بہتر بنایا جائے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اس وقت ملک میں دس ہزار سے زیادہ غیر قانونی رہائشی سوسائٹیاں بنی ہوئی ہیں جن کا مقصد لوٹ مار کے علاوہ کچھ نہیں ہے جنھیں بند کیا جائے ۔پاکستان میں صنعت بمشکل دس سے بارہ فیصد منافع کما رہی ہے جبکہ پراپرٹی بزنس میں بغیر کسی رسک کے ایک سال کے اندر اندر ستر سے ایک سو فیصد تک منافع ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے سرمائے کا رخ اس شعبے کی طرف ہے۔اسی طرح کی غلط ترجیحات کی وجہ سے ملک پسماندہ اورقرضوں کا محتاج ہے، پیداوار مہنگی برآمدات کم اور درآمدات زیادہ ہیں۔