زلزلے کے جھٹکے: صوبوں میں متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

336

لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد صوبوں میں ریسکیو ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبے کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب ریسکیو 1122، انتظامیہ اور صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو کہا کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں اور زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی رپورٹس بھجوائی جائیں۔

دوسری جانب ترجمان ریسکیو سروس نے بتایا کہ ڈی جی ریسکیو پنجاب نے ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کردیا ہے، ابھی تک زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)  کے ڈائریکٹر جنرل کا بھی کہنا ہے کہ زلزلے سے ابھی تک کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل فعال ہے۔

پاکستان میٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 2 منٹ پر آیا جس کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 80 کلو میٹر زیر زمین تھی اور مرکز تاجکستان میں تھا۔