عسکری قیادت کا کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

191

راولپنڈی (صباح نیوز) عسکری قیادت نے ایک دفعہ پھر اس بات کا عزم کیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیر صدارت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی ،اجلاس میں خطے کی جیو اسٹریٹجک صورتحال کا جائزہ اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔ شرکا نے خطے میں تیزی سے ہونیوالی تبدیلیوں، اور ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور غاصب بھارت کے ریاستی جبرکے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیااور عسکری قیادت نے آزادی کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔