یورپی یونین کا معیشت کی بحالی کے لیے پیکیج کا اعلان

426
برسلز: یورپی کونسل کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن سمیت دیگر رہنما پارلیمانی اجلاس میں شریک ہیں

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی پارلیمان نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی معیشت کی بحالی کے لیے 815 ارب ڈالر کا پیکیج بھاری اکثریت سے منظور کرلیا ہے۔ یورپی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ فنڈ عالمگیر وبا سے متاثرہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی اقتصادی صورت حال کو بحال کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق پیکیج کا نام دی ریکوری اینڈ ریزیلینس فیسلٹی (آر آر ایف) ہے، جس کی حمایت میں 582 ارکان نے ووٹ دیا جب کہ صرف 40 نے مخالفت کی اور 69 ارکان نے واک آؤٹ کرکے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ آر آر ایف قرضوں اور امداد پر مشتمل پیکیج آیندہ 3 برس تک دستیاب ہوگا اور یورپی یونین کی حکومتیں اپنی معیشتوں کی بحالی کے منصوبوں کے لیے 13 فیصد تک مالی اعانت کی درخواست کر سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ 18 رکن ممالک فنڈ کے حصول کے لیے پہلے ہی اپنی درخواستیں جمع کروا چکے ہیں، جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے اعتراف کیا ہے کہ یورپ نے کورونا ویکسین کی منظوری اور اس کی فراہمی میں تاخیر کی ہے۔ یورپی پارلیمان میں گفتگو میں انہوں نے کہا کہ انہیں ضرورت سے زیادہ اعتماد تھا کہ ویکسین بر وقت فراہم کی جا سکتی ہے، تاہم اب ہم بڑے پیمانے پر پیداوار کی مشکلات کو سمجھتے ہیں۔