تنخواہوں میں25اضافے پر اتفاق‘احتجاج ختم ، وزیراعظم نے منظوری دیدی

613

اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز+مانیٹر نگ ڈ یسک) حکومت اور تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کے خلاف احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین کے مذاکرات کامیاب ہوگئے جس میں ایک سے 19گریڈ کے وفاقی ملازمین کو 25 فیصد ایڈہاک ریلیف دینے، ملازمین کے خلاف مقدمات واپس لینے اور گرفتار افراد کو رہا کرنے کا اعلان کیا گیا جب کہ وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی تاہم یہ منظوری کابینہ سے بھی لی جائے گی۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کے ساتھ پریس کانفرنس میں مذاکرات کے دوران کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ملازمین ایک سال سے تنخواہوں کے فرق دور کرنے کا مطالبہ کررہے تھے، ملازمین کے حکومتی کمیٹی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی ملازمین کو 25 فیصد ایڈہاک ریلیف دیا جائے گا،انہوں نے واضح کیا کہ ایڈہاک پے اسکیل ایک سے لے کر 19 گریڈ کے لیے ہے۔انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم نے2 صوبائی وزرائے اعلیٰ سے بات کی اور انہیں ملازمین کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔پرویز خٹک نے بتایا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ملازمین کی اپ گریڈیشن کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، یہ سلسلہ جون میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بعد شروع ہوجائے گا اور انہیں سہولیات ملنے لگیں گی، جون کے بجٹ میں ہی ایڈہاک ریلیف ان کی تنخواہوں کے اسکیل میں شامل کردیا جائے گا جو کہ ملازمین کا مطالبہ تھا۔ انہوںنے کہا کہ ٹائم اسکیل کی منظوری دی جائے گی لیکن اس کے لیے ایک طریقہ کار وضع کیا جائے گا اور کارکردگی کی بنیاد پر ترقی دینے کی پالیسی بنائی جائے گی جس پر بجٹ میں عملدرآمد کیا جائے گا اس وقت ایڈہاک ریلیف آج وزارت خزانہ سے نوٹیفائیڈ کرادیا جائے گا جو کہ پے کمیشن کا فیصلہ آنے تک جاری رہے گا، پے کمیشن کے فیصلے کا اطلاق ملک بھر میں ہوگا یہ تمام فیصلے وفاقی اور صوبائی ملازمین کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مل کر متفقہ طور پر کیے گئے۔ علی محمد خان نے کہا کہ ملازمین کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ان کی تنخواہوں میں فرق کو ختم کیا جارہا ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایک سے 19 گریڈ تک کے ملازمین کو ایڈہاک الاؤنس دیا جارہا ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 20، 21 اور 22 گریڈ کے افسران کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا جائے گا ،جو مسائل رہ گئے ہیں انہیں جون کے بجٹ میں حل کرلیاجائے گا ۔ شیخ رشید نے احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف تمام مقدمات واپس لینے اور گرفتار افراد کو رہا کرنے کا بھی اعلان کیا۔علاوہ ازیںجیو ٹی وی کی ایک ر پورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سرکاری ملازمین سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی نے ملاقات کی ، جس میں شیخ رشید، پرویز خٹک اور علی محمد خان شامل تھے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کی ملاقات میں وزارت خزانہ کے حکام نے بریفنگ دی اور تنخواہوں میں اضافے سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ سے تفصیلی آگاہ کیا گیا جب کہ اس دوران سرکاری ملازمین سے طے ہونے والے فارمولے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کے حکام اور مذاکراتی کمیٹی کی بریفنگ کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی تاہم یہ منظوری کابینہ سے بھی لی جائے گی۔ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کی منظوری کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے لی جائے گی جس کے بعد تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔صباح نیوز کے مطابق سرکاری ملازمین اور وفاقی حکومت میں معاملات طے پاگئے ،6 نکاتی معاہدے پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، ملازمین کے گرینڈ الائنس کے قائدین اسلام الدین ، رحمن باجوہ، حبیب الرحمن، امان اللہ خان، رانا اقبال ،چودھری محمد سرفراز، سمیع اللہ خلیل نے دستخط کیے ۔ گرفتار ملازمین کو رہا کردیا گیا، مقدمات کی واپسی کے احکامات جاری کردیے گئے، تشدد پر حکومت نے معذرت کرلی۔حکومتی خصوصی مذاکراتی کمیٹی کے طے پانے والے معاہدے میں طے شدہ نکات سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا گیاہے۔اعلامیے کے مطابق وفاقی سرکاری ملازمین کے گریڈ 1 سے 19 تک کی تنخواہوں میں 25فیصد ایڈہاک کی اصولی منظوری دی گئی ہے۔ فنانس ڈویژن کے مطابق 25 فیصد ایڈہاک ریلیف کا اطلاق 2017ء کی بنیادی تنخواہ پر ہوگا جو ملازمین پہلے ہی اپنی بنیادی تنخواہ کے 100فیصد کے برابر اضافی تنخواہ لے رہے ہیں ان پر ایڈہاک ریلیف کا اطلاق نہیں ہوگا ۔ وفاقی ملازمین کے گریڈ1 سے 16 تک کی اسامیاں خیبرپختونخوا حکومت کی طرز پر رواں سال یکم مارچ سے اپ گریڈ ہوںگی،اگلے بجٹ میں ٹائم اسکیل پروموشن کا بھی جائزہ لینے کا اصولی فیصلہ کیا گیاہے،موجودہ ایڈہاک ریلیف رواں سال جولائی کی بنیادی تنخواہ میں بھی شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، صوبوں کو ان کے اپنے وسائل سے موجودہ سفارشات پر عملدرآمدکرنے کا کہا جائے گا، موجودہ سفارشات کی سمری منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو پیش کی جائے گی، ملازمین پر قائم مقدمات خارج کردیے جائیں گے اور حکومت ریڈیو پاکستان کے ملازمین کیخلاف قانونی کارروائی سے بھی دستبردار ہوجائے گی، معاہدہ 11فروری 2021ء کو طے پایا ہے ۔