خواجہ سعد رفیق: جس دن جادو کا محل گرے گا، سب ٹھیک ہو جائے گا

301

لاہور: خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہر وزیراعظم پر چور ڈاکو یا غدار کا نعرہ لگا، جب حکومت جاتی ہے اس کے ساتھ ساری گرد بھی رخصت ہو جاتی ہے، اپوزیشن کے پاس محدود آپشنز نہیں، پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی کون ساپتا کب شو کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اپنے بلیک ہول نظر نہیں آتے، جس دن جادو کا محل گرے گا سب ٹھیک ہو جائے گا جبکہ ن لیگ کی ساری قیادت پیشیاں بھگت رہی ہے، پوری قوم دیکھ رہی شہباز شریف دوبارہ جیل میں ہیں اور میں ریلوے کو بہتر کرنے کی کوشش میں 16 ماہ جیل کاٹ آیا ہوں اور سلمان رفیق نے بھی ہیلتھ سیکٹر کو بہتر کرنے کی کوشش میں 16 ماہ جیل کاٹی ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین پر بہیمانہ تشدد کی مذمت کرتے ہیں، ملازمین پی ٹی آئی کی طرح کہیں قبضہ نہیں کرنے جا رہے تھے، ملازمین پر شدید شیلنگ کی گئی، ایسا لگا جیسے بادل نیچے آگئے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ حکومت کے منہ کو خون لگ گیا ہے اور جس طرح اپوزیشن کا ٹارچر کیا جا رہا ہے ، انہیں لگتا ہے سرکاری ملازمین کیساتھ بھی ایسا کریں گے۔

دوسری جانب شہباز شریف نے سعد رفیق اور خواجہ احمد حسان کی کمرہ عدالت میں صلح کروا دی اور خواجہ احمد حسان نے سعد رفیق سے گرم جوشی سے ہاتھ ملایا جبکہ سعد رفیق نے شہباز شریف کے سامنے خواجہ احمد حسان سے تمام ناراضگیاں دور کرتے ہوئے ہاتھ سینے سے لگالیا ہے۔

واضح رہے سعد رفیق نے چند سکینڈ خواجہ احمد حسان کا ہاتھ سینے سے لگائے رکھا، شہباز شریف دونوں رہنماؤں کو تمام باتیں نظر انداز کرنے کا کہتے رہے۔