پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3 رنز سے شکست دے دی

584

لاہور: پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کےپہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 166 رنز بنا سکی، مہمان ٹیم کے اوپنرز نے مستحکم آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 53 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جانیمن ملان تھے جنہیں 44 کے انفرادی اسکور پر عثمان قادر نے بولڈ کردیا۔اس دوران پروٹیز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں تاہم ریزا ہینڈرکس وکٹ پر جمے رہے، انہوں نے 54 رنز بنائے اور محمد رضوان کی زبردست کیپنگ کی بدولت رن آؤٹ ہوگئے۔

ان کے علاوہ دیگر جنوبی افریقی بلے بازوں میں کوئی نمایاں کارکردگی نہ دکھاسکا، اور مقررہ 20 اوورز میں مہمان ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤوف اور عثمان قادر نے 2،2 جب کہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابراعظم نے کیا تاہم صرف ایک رن پر بابراعظم رن آؤٹ ہوگئے۔

کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 64 گیندوں پر سنچری مکمل کی، محمد رضوان نے سات چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

بہترین بلے بازی پر پاکستان کے محمد رضوان کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔