پاکستان سپر لیگ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت جمعہ سے شروع ہوگی

460

کراچی:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کیلئے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت جمعہ سے شروع ہو گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی)نے کورونا وائرس کے پیش نظر 20فی صد تماشائیوں کو میچز دیکھنے کی مشروط اجازت دی ہے، جس کے مطابق ہر میچ میں 7500 کے لگ بھگ تماشائی اسٹیڈیم آسکیں گے، محدود ٹکٹ بک می ڈاٹ پی کے سے خریدے جاسکیں گے،ٹکٹس کی قیمتوں کا اعلان جلد ہو گا۔

13روز تک نیشنل اسٹیڈیم میں 19میچز ہوں گے ،وی آئی پی، پریمیم، فرسٹ کلاس اور جنرل انکلوثرز کے محدود آن لائن ٹکٹ فروخت ہوں گے،بک می ڈاٹ پی کے میں روپے کی منتقلی جاز کیش یا ایزی پیسہ سے کی جا سکے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے بک می ڈاٹ پی کے کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کا آفیشل ٹکٹنگ پارٹنر مقرر کیا ہے۔پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابرحامد نے کہا ہے کہ ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل 6کے لیے بک می ڈاٹ پی کے کو آفیشل ٹکٹنگ پارٹنر بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

امید ہے کہ بک می ڈاٹ پی کے کرکٹ فینز کو اعلی معیار کی سہولیات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ فینز کو محدود تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملنے پر بہت خوش ہے، اس دوران پی سی بی سماجی فاصلے سمیت کوویڈ 19پروٹوکولز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے گا۔