کراچی: بلدیہ دھاگہ فیکٹری میں آگ، 3 افراد جاں بحق

327

کراچی کے علاقے بلدیہ سیکٹر 5 میں واقع دھاگے کی فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث تین افراد جاں بحق اور ایک ریسکیو اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ آگ پر فائر برگیڈ کی 4 گاڑیوں نے اسنارکل کی مدد سے قابو پایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے بلدیہ کے سیکٹر فائیو میں واقع دھاگے کی فیکٹری میں صبح اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لےلیا تھا۔

پولیس کے مطابق آگ پر قابو پانے کےلیے فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں مصروف عمل رہیں  تاہم آگ کی شدت کے باعث کئی گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا گیا جس کے باعث تین افراد ہلاک ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے لپیٹ میں آکر جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت محمد کاظم، فیاض اور شیر علی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ  چیف فائر افیسر کا کہنا ہےکہ فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور  کولنگ کا عمل جاری ہے ،  ریسکیو آپریشن میں 4 فائر ٹینڈرز اور اسنارکل نے حصہ لیا اور ریسکیو آپریشن کے دوران ایک فائر فائٹر بھی زخمی ہوا تھا۔

چیف فائر افسر کا کہنا ہےکہ فیکٹری میں ایمرجنسی گیٹ نہیں تھا اور داخلے کا بھی صرف ایک ہی راستہ تھا جس کے باعث مزدوروں کو فیکٹری سے نکلنے میں مشکل ہوئی اور تنگ گلیوں کے باعث ریسکیو آپریشن میں بھی دشواری کا سامنا رہا تھا۔

دوسری جانب  آگ نے کچھ ہی دیر میں پوری عمارت کو لپیٹ میں لےلیا تھا ،  صوبائی وزیر سہیل انور سیال نے غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرا دی ہے جبکہ اطلاع ملی تو فیکٹری میں کام کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ بھی اپنے پیاروں کو ڈھونڈنے پہنچ گیے۔

فیکٹری ملازم شیر علی کے والد نے فائر برگیڈ کے سستی سے جاری آپریشن پر غم و غصے کا اظہار کیا جبکہ  صوبائی وزیر سہیل انور سیال بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیے اور جانی نقصان کے زمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرادی۔

پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے۔