امارات کا خلائی مشن مریخ کے مدار میں داخل، ملک میں جشن

633
متحدہ عرب امارات: مریخ کے مدار میں خلائی شٹل داخل ہونے پر ملکی قیادت عملے کو مبارک باد دے رہی ہے‘ برج خلیفہ پر ماہرین کی تصاویر روشن ہیں

دبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کا ’’امید‘‘ نامی خلائی مشن مریخ کے مدار میں کامیابی سے داخل ہوگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق عرب دنیا کا یہ پہلا خلائی مشن منگل کی شام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ مشن مکمل ہوگیا۔ خلائی مشن مریخ کے گرد مدار میں پہنچ گیا ہے۔ ایک ایس یو وی کے حجم کا یہ اسپیس کرافٹ 9 فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 14 منٹ میں مریخ کے مدار میں داخل ہوا۔ امید مشن 20 جولائی کو جاپان سے روانہ کیا گیا تھا اور 7 ماہ کے طویل سفر کے بعد سرخ سیارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔ ہوپ مشن کی کامیابی کے بعد متحدہ عرب امارات پہلا مسلمان ملک اور دنیا کا پانچواں ملک بن گیا ہے جس نے خلائی پروگرام میں اتنی بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ سیارے پر آیندہ چند ماہ میں اترے گا۔ اس نے مدار میں داخلے کے بعد ایک سگنل سے زمین پر موجود مشن کنٹرولرز کو تاریخی کامیابی کی تصدیق کی۔محمد بن راشد خلائی مرکز میں اس موقع پر جشن کا سماں تھا۔ ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان اور شیخ محمد بن راشد المکتوم نے مرکز میں موجود عملے اور قوم کو مبارک باد دی ۔ منصوبے کی سربراہ نے اس بڑی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے عوام، عرب اور مسلم ممالک کے لیے ہم مریخ کے مدار میں کامیابی سے داخل ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔ خدا کا شکر ہے۔ متحدہ عرب امارات میں رات کے وقت سرخ نشانات روشن کر دیے گئے۔ دبئی کا برج خلیفہ جو دنیا کا سب سے بلند ٹاور ہے، اس دن کیجشن کا مرکز رہا۔ واضح رہے کہ امارات کا یہ مشن اسپیس ایجنسی کا پہلا اہم خلائی مشن ہے، جس کا مقصد سرخ سیارے کے مدار مریخ کے مکمل سال (زمین کے 2 سال) تک گردش کرتے ہوئے وہاں کے موسم کا تفصیلی نقشہ تیار کرنا ہے۔ مشن کی سربراہ سارہ الامیری کا کہنا ہے کہ یہ مریخ کا پہلا موسمیاتی سیٹلائٹ ہوگا۔