پی ڈی ایم حیدرآباد جلسے کی تیاریاں مکمل ، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

419

حیدرآباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج حیدرآباد میں جلسہ کرکے سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے جبکہ جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں اور جلسے کیلیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

Image

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج حیدر آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کے سلسلے میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں جبکہ جلسے کی میزبان پاکستان پیپلز پارٹی نے حیدرآبادکے ہٹری بائی پاس گراؤنڈ میں پنڈال سجا لیا ہے۔

جلسے سے سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مولانا فضل الرحمٰن ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین بھی خطاب کریں گے جبکہ جلسہ گاہ اور اطراف میں پارٹی پرچم اور بینرز سجا دیئے گئے اور گراؤنڈ میں کرسیاں لگا دی گئیں ہیں۔

Image

حیدرآباد شہر میں پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم کردیئے گیے ہیں اور شاہراہوں اور عمارتوں کو پارٹی پرچموں اور قائدین کی تصاویر سے سجا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ان کی کسی سےلڑائی نہیں ہے، ہر ادارہ اپنی حدود میں رہ کر کام کرے،  ہم لانگ مارچ سے حکومت ختم کریں گے جبکہ  بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ فوج کا سیاست میں کردار نہیں ہونا چاہیے، انہوں نے سینیٹ سے متعلق صدارتی آرڈیننس کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

Image

پی پی پی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہےکہ پیپلز پارٹی کی میزبانی میں پی ڈی ایم کا پاور شو آج حیدر آباد میں ہونے جا رہا ہے ،  انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ فساد کرتے ہیں اور اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، ملک کو آرڈیننس فیکٹری بنا دیا گیا ہے۔