سینیٹ الیکشن میں مبینہ خرید و فروخت: وزیراعظم کا وزیر قانون کے پی سے استعفی لینے کا حکم

395

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے 2018 کے سینیٹ انتخابات میں ارکانِ خیبرپختونخوا اسمبلی کی مبینہ خرید و فروخت کی وڈیو منظرعام پر آنے کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ کو صوبائی وزیر قانون سے استعفیٰ لینے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کے وزیر قانون سے استعفی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

شہبازگل کے مطابق وزیراعظم نے  اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو احکامات دے دیے ہیں، انہوں نے کہا معاملے کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے گی۔

منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے نوٹوں کے انبار لگے ہیں، اور اس وڈیو میں موجودہ وزیر قانون خیبرپختونخوا سلطان محمود خان بھی موجود ہیں۔

وڈیو میں پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے محمد علی باچا رقم پی ٹی آئی ارکان کو دیتے نظرآرہے ہیں، جبکہ سلطان محمود رقم وصول کرکے بیگ میں رکھ لیتے ہیں، پی ٹی آئی کے سردار ادریس بھی وڈیو میں موجود ہیں اور رقم وصول کرتے نظر آرہے ہیں۔