مصر: الجزیرہ کے صحافی کو 4 سال بعد رہا کردیا گیا

392

قاہرہ: الجزیرہ ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے لئے کام کرنے والے ایک صحافی محمود حسین کو رہا کردیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق محمود حسین کے بھائی اور اُن کے وکیل نے رائٹرز کو بتایا کہ مصری حکام نے قطر کے الجزیرہ ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے لئے کام کرنے والے محمود حسین کو رہا کردیا ہے جنہیں 4 سال سے بھی زائد عرصے سے نظربند رکھا گیا تھا۔

چھ دسمبر کو دوحہ سے قاہرہ پہنچنے پر محمود حسین کو حراست میں لیا گیا تھا۔ محمود حسین پر غلط خبریں پھیلانے ، کالعدم گروپ میں شامل ہونے اور غیر ملکی فنڈز وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور مصر کے جنوری میں قطر کے ساتھ سفارتی ، تجارتی اور سفری تعلقات کی بحالی پر رضامندی ظاہر کرنے کی بعد محمود حسین کو رہا کیا گیا ہے۔

الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک نے اس مصری حکام کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ الجزیرہ نیٹ ورک نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی صحافی کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرنا چاہیے جو محمود حسین نے محض اپنے پیشے کو انجام دینے پر برداشت کیا ہے۔