صنعتوں کو گیس کی بندش کارخانے بند کرنے کے مترادف ہے، حافظ نعیم الرحمن

586
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن گلشن معمار تھارو مینگل گوٹھ میں معززین علاقہ کے استقبالیے سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا صنعتوں کو گیس کی فراہمی روکنا صنعتوں کو بند کرنے کے مترادف ہے ۔ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت جس صوبے سے گیس نکلتی ہے پہلے اسی صوبے کا حق ہے ، اس لیے کراچی سمیت سندھ بھر کو پہلے گیس فراہم کی جائے ۔ کراچی ملک کا سب سے بڑا صنعتی شہر اور شہ رگ ہے ، گیس کی بندش کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں ، تاجروں و صنعتکاروں کو ان کا حق دلانے کے لیے ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ جماعت اسلامی مظلوم عوام کی آواز بن چکی ہے اور شہر قائد کے ہر علاقے اور دور دراز مقامات پر گوٹھوں اور کچی آبادیوں کے مکینوں کے مسائل کے حل کے لیے بھی ہر ممکن کوشش کر ے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ گلشن معمار ضلع شمالی کے تحت تھارومینگل گوٹھ میں معززین علاقہ کی جانب سے امیر جماعت اسلامی کے لیے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکرٹری نجیب ایوبی ، شوکت علی مینگل ، ولی محمد مینگل ، ابو ضیا ، یوسی کے نامزد امیدواران محمد مرزا ، عاطف مبین ، ناظم علاقہ معمار ابو الخیر ، عاطف اللہ والا، راشد رند اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن اور دیگر مہمانانِ گرامی کو اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا ۔ قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن نے گلشن معمار سیکٹر Yمیں تاجروں اور دکانداروں سے ملاقات بھی کی ، گلشن معمار آمدپر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور پُر جوش نعرے لگائے گئے ۔ نعرہ تکبیر اللہ اکبر، حافظ صاحب قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں ، کراچی کوحق دو ،کراچی کو عزت دو،حق دو تھارومینگل گوٹھ کو، معمار موڑتا 4 K چورنگی تک سڑک فوری تعمیر کرو ،4Kچورنگی تعمیر کرو کے نعرے ،یہ ملک بنا تھا اسلامی، میری جان جماعت اسلامی ،اس شہر کا بیٹا حافظ نعیم الرحمن ،حافظ صاحب کو خوش آمدید کہتے ہیں، حافظ نعیم الرحمن کو ایک بڑی ریلی کی صورت میں بلاول اسٹیڈیم پہنچایا گیا ، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں آج بھی آٹا ، چینی ، گیس اور بجلی مافیا موجود ہیں اور حکومت اور وزرا کے مفادات ان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ نیب ان معاملات کی بھی تحقیقات کرائے ، حکومتی حکام اور وزرا اپنی نا اہلی کی سزا تاجر و صنعتکاروں اور غریب عوام کو نہ دیں ، صنعتوں کو گیس بند کرنے سے بے روزگاری میں اضافہ اور بر آمدات میںکمی ہوگی ۔ وفاقی حکومت اپنا فیصلہ واپس لے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک سو8 سال سے قائم گوٹھ آج بھی پسماندہ علاقے کہلاتے ہیں جہاں بنیادی ضروریات اور سہولتیں بھی میسر نہیں۔ جماعت اسلامی مشکل سے مشکل حالات میں بھی عوام کا ساتھ دیتی رہی ہے، مافیازاور دہشت گردی کاڈٹ کر مقابلہ کیا۔ بجلی کا مسئلہ ہو، گیس کا مسئلہ ہو، شناختی کارڈ کا معاملہ ہو، زلزلہ سیلاب و بارش کی صورتحال ہو ،جماعت اسلامی عوام کی آواز بنی ہے۔ جماعت اسلامی عدل کی بات کرتی ہے۔ مظلوموں کی آواز بنی ہے ہم جب کراچی کی بات کرتے ہیں تو ہم کراچی کے ہر علاقے کی بات کرتے ہیں خواہ مینگل گوٹھ ہو یا احسن آباد ہو یا کوئی اور علاقہ تا کہ حقدار کو حق دلایا جائے، جماعت اسلامی کے دروازے رنگ و نسل قوم قبیلے سے بالاتر ہوکر ہر انسان کے لیے کھلے ہیں ۔ہم آئین کی بالادستی کی قائل ہیں ۔جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ تعالی کی حکمرانی قائم کرنے اور باطل نظام سے نبرد آزما ہے اور عوام کی خدمت ان کے مسائل کا حل حکومت میں نہ ہوتے ہوئے بھی کوشش کرتی چلی آئی ہے ۔