اسلام آباد: عازمین حج کیلیے کورونا ویکسین لازمی قرار

412

اسلام آباد: اس سال عازمین حج کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار دے دی گئی ہے جبکہ حج کے لئے فلائٹ آپریشن مئی کے آخر یا جون میں شروع کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سے اس سال 2 لاکھ سے زائد افراد حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے اور عازمین حج کےلیے کورونا ویکسین لگانا  لازمی قرار دیا گیا  ہے جبکہ پاکستان میں سرکاری سطح پر حج اسکیم کے لئے درخواستوں کی وصولی کا عمل رواں ماہ کے دوران شروع ہوجائےگا اور حج کے لئے فلائٹ آپریشن کا آغاز مئی کے آخر یا جون کے شروع میں کردیا جائے گا۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق  اس سال عازمین حج  کو ویکسین لگانے کے لئے بڑے شہروں میں ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے،جہاں عازمین کی کورونا سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے انجیکشنز اور ویکسی نیشن کی جائے گی۔

واضح رہے رواں ماہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور وزارت صحت کو مراسلہ ارسال کیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ حج اور عمرہ زائرین کو کورونا  ویکسین لگانے میں ترجیح دی جائے  کیونکہ حج اور عمرہ زائرین کےلیے ویکسین لازمی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی قرار دی ہے، سعودی عرب کے وزیرِحج وعمرہ ڈاکٹرمحمد صالح بن طاہربنتن نے عمرہ زائرین کو مکہ مکرمہ میں آمد سے قبل کورونا ویکسین لگوا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں احتیاط کے لیے کورونا کی ویکسین لگوانی چاہیے۔

وزیرِحج وعمرہ نے عازمینِ عمرہ کیلئے ہروقت چہرے پر ماسک پہنا بھی لازمی قرار دیا اور کہا عازمین کیلئے مقررکردہ عمرکی حد کی پابندی برقرار رہے گی، جس کے مطابق 18 سے 50سال کی عمر کے افراد ہی عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔