کورونا سے بے روزگار ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے

359

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) کلکٹر کسٹمز حیدرآباد عامر رشید نے کہا ہے حیدرآباد ہر لحاط سے صوبے کا مرکز ہے، اسے معاشی حب بننا چاہیے، جبکہ سکھر لاڑکانہ میں بڑے صنعتی علاقے قائم ہونے چاہییں تا کہ کراچی پر دبائو کم ہوسکے اور صوبے کے تمام علاقوں میں ترقی اور روزگار کے یکساں مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہروں میں بھی سیالکوٹ،گجرات اور گجرانوالہ جیسی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم ہونی چاہییں، محکمہ کسٹم اس کی ہر ممکن ترغیب دے رہا ہے وہیں شعبہ صحافت کو بھی اس ہدف کو بھرپور اجاگر کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل کلکٹریٹ کسٹم ہائوس حیدرآباد میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کلکٹر کسٹم اقبال میمن، اسسٹنٹ ڈپٹی کلکٹر ہیڈ کوارٹر امجد لال ودیگر افسران کے علاوہ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر تجمل حسین خان، سینئر نائب صدر راحت کاظمی، نائب صدر نصیر راہی، جنرل سیکرٹری لالا مرزا خان، سابق صدر ایچ یو جے وریزیڈنٹ ایڈیٹر امت عبدالحفیظ عابد ودیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ کلکٹر کسٹمز حیدرآباد عامر رشید نے کہا کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے براہ راست متاثرین اور بے روزگار ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، انہیں یاد رکھنا اور انہیں سنگین معاشی گرداب سے نکالنے کے جذبے کے ساتھ ہمہ پہلو جدوجہد کرنا حکومت، اداروں اور پورے معاشرے کا فرض ہے،میڈیا کا بھی اس میں اہم کردار بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی صحافت، پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے ادارے بہت مشکلات اور چیلنجز کے باوجود پورے جذبے سے اپنا کردار کر رہے ہیں، ضروری ہے کہ نواب شاہ، سکھر لاڑکانہ اور کشمور تک صحافی اسی جذبے سے مسائل کو اجاگر کرنے اور ترقی کے مواقع کی تشہیر پر توجہ دیں، تا کہ شہروں اورقصبات کی آبادی کو بہتر معاشی مواقع اور وسائل میسر آسکیں۔ تقریب کے اختتام پر کلکٹر کسٹم نے حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران کوشیلڈ اور اجرک کے تحائف پیش کیے۔