بچوں سے زیادتی اور قتل کیخلاف شرعی سزائیں نافذ کی جائیں‘ محبوب الزماں

397

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے تھانہ رضاآباد کے علاقہ میں زیادتی کی شکارمعصوم بچی کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں جماعت اسلامی کی طرف سے ہرممکن قانونی اور اخلاقی امداد فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو جماعت اسلامی بھرپوراحتجاج کرے گی۔زون پی پی11کے امیرچودھری عمرفاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔محبوب الزماں بٹ نے معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ان درندوں کو عبرتناک سزائیں نہیں دی جاتیں ، معاشرہ ایسے جرائم اور مجرموں سے پاک نہیں ہوسکتا ۔ اگر ملک میں شرعی سزائیں نافذ ہوتیں تو آج قوم کو معصوم اور کمسن بچیوں کے لاشے نہ اٹھانے پڑتے ۔ اسلامی سزائوں پر پھبتیاں کسنے اور انہیں ظالمانہ قرار دینے والوں نے قوم کو موجودہ صورتحال سے دوچار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مغربی اور سیکولر نظام کے پیروکار ملک میں فحاشی عریانی اور بے حیائی پھیلانے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ایسی گھنائونی حرکت کے مرتکب درندوں کو فوری گرفتار کے سر عام پھانسی پر لٹکا کر عبرت کا نشان بنایا جائے۔