پی ڈی ایم کا احتجاجی مارچ حکومتی تابوت میں آخری کیل ہوگا، مولانا محمد علی

253

سکھر (نمائندہ جسارت) جے یو آئی تعلقہ روہڑی کے رہنمائوں مولانا محمد علی برڑو، قاری عبدالغفار سومرو اور مولانا عبدالحق مہر نے وفاقی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل اور سلیکٹڈ وفاقی حکومت بار بار تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ گرا کر غریب مزدور اور محنت کش لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے، موجودہ پی ٹی آئی کی حکومت میں کشمیریوں کی طرح پاکستان کے عوام بھی مظلوم اور مقہور بنے ہوئے ہیں۔ 26 مارچ کا پی ڈی ایم کا احتجاجی مارچ موجودہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اطہار انہوں نے روہڑی کے قریب گوٹھ لکھ میر گبول میں ہونے والے جے یو آئی یونٹ بکار کے جنرل کونسل کے ایک بھرپور اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس کی صدارت امیر یونٹ مولانا عبدالحمید گبول نے کی، جبکہ اس موقع پر یونٹ کے جنرل سیکرٹری محمد سلمان گبول، مولانا عبدالواحد منگریو، محمد حسن پھلپوٹو، لعل محمد قاری، عبدالرئوف اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بدترین مہنگائی، بیروزگاری ، بے امنی، زرعی اور پینے کے پانی کی قلت کے خلاف قراردادیں بھی منظور کی گئیں، اجلاس میں 11 فروری کو مدرسہ منزل گاہ کے جلسہ میں بھرپور رکت کرنے اور ہر گائوں سے ایک گاڑی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جے یو آئی تعلقہ روہڑی کے سیکرٹری اطلاعات مولانا عبدالحق مہر کی جانب ے جاری بیان کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ 11 فروری کو مدرسہ منزل گاہ سکھر میں پی ڈی ایم سربراہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن بڑے جلسہ سے خطاب کریں گے اور موجودہ حکومت کیخلاف آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پیسوں کے عوض استعفیٰ دینے کا بیان ان کی بھتا خوری اور نااہلی کا مظہر ہے، اس سے ثابت ہوگیا کہ ان کو بھی اب اپنی حکومت کے خاتمے کا یقین ہوگیا ہے مگر اب ان کو عوام کے کٹہرے میں کھڑا کر کے ووٹ چوری، معیشت کی تباہی، بیروزگاری، مہنگائی اور حالیہ کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔