راولپنڈی ٹیسٹ ،جنوبی افریقا کو 243 رنز ،پاکستان کو 9 وکٹیں درکار

446

 

راولپنڈی(سید وزیرعلی قادری)پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین دوسرا ٹیسٹ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔پاکستان کی جانب سے دیے گئے371رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 127رنز بنالیے ہیں۔ مارکرم 59اور ڈاسن 48رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ٹیسٹ میچ کے آخری روز جنوبی افریقا کو جیت کیلیے مزید243رنز درکار ہیں اور اسکی9وکٹیں ابھی باقی ہیں۔قبل ازیں محمد رضوان اور نعمان علی کی شاندار بیٹنگ کو بدولت پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 298رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔ محمد رضوان نے اپنے انٹرنیشنل ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اورسب سے زیادہ 115رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ نعمان علی نے45رنز بنائے۔ اتوار کو راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 129رنز 6کھلاڑی آئوٹ پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو کریز پر موجود حسن علی زیادہ دیر تک دوسرے اینڈ پر موجود محمد رضوان کا ساتھ نہ دے سکے اور 143کے مجموعی اسکور پر 5رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ان کے آئوٹ ہونے کے بعد ٹیم کے اسکور کو محمد رضوان کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے یاسر شاہ آئے اور ان دونوں کھلاڑیوں نے مل کر 53رنز کی شراکت قائم کی تاہم 196کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ بھی آئوٹ ہوگئے، انہوں نے 23رنز اسکور کیے۔196پر 8وکٹیں گنوا دینے کے بعد قومی ٹیم کے اگلے آنے والے کھلاڑی نعمان علی تھے جو کھانے کے وقفے تک محمد رضوان کے ہمراہ کیریز پر موجود تھے۔چوتھے دن جب میچ میں کھانے کا وقفہ ہوا تو قومی ٹیم نے 8وکٹوں کے نقصان پر 217رنز بنا لیے تھے۔وقفے کے بعد جب کھیل کا آغاز ہوا تو محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور محمد رضوان نے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔یہی نہیں بلکہ محمد رضوان اور نعمان علی نے نویں وکٹ کے لیے 97رنز کی شراکت بھی قائم کی اور نعمان علی 293کے مجموعی اسکور پر 45رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔جس کے بعد اگلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی تھے جو صرف 4رنز بنا سکے، یوں قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 298رنز اسکور کیے۔قومی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگ میں محمد رضوان نے سب سے زیادہ 115رنز بنائے اور وہ ناٹ آئوٹ رہے، ان کے علاوہ نعمان علی45، اظہر علی33اور فہیم اشرف29رنز بنا کر نمایاں رہے۔دوسری اننگ میں جنوبی افریقی ٹیم کی جانب سے جیورج لنڈی نے 5کھلاڑیوں جبکہ کیشو ماہاراج نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ربادا کے حصے میں 2وکٹیں آئیں۔371رنز ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا، ایلگر 17رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے جس کے بعد مارکرم نے وین ڈار ڈاسن کے ساتھ ملکر جارحانہ کرکٹ کھیلی اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ چوتھے دن کے اختتام پر جنوبی افریقا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 127رنز بنالیے ہیں۔ مارکرم 59اور ڈاسن 48رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ٹیسٹ میچ کے آخری روز جنوبی افریقا کو جیت کیلیے مزید243رنز درکار ہیں اور اسکی9وکٹیں ابھی باقی ہیں۔