سپر ہائی وے: فارم ہاؤسز کے خلاف کارروائی پر احتجاج، ٹریفک جام

372

کراچی: سپر ہائی وے پر فارم ہاؤسز گرانےکے خلاف کارروائی پر احتجاج کے باعث ٹول پلازہ کے اطراف کے دونوں ٹریک بند  کردیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین کے احتجاج کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، واٹرکینن سمیت پولیس کی بھاری نفری موجود مظاہرین کو منتشر کرنے سپر ہائی وے پر پہنچ گئی۔

پولیس افسران نے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش  کی لیکن مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا، مظاہرین سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ  نے وزیر اعلیٰ سندھ ودیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ غیر قانونی فارم ہاؤسیز کے خلاف سندھ حکومت  کی فارم ہاؤس انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے سپرہائی وے پر قائم فارم ہاؤس  گرانے کے لیے آپریشن تیز کردیا ہے ، یہ آپریشن پیر تک جاری رہے گا۔