کے ٹو کو سر کرنے کی کوشش،بلغارین کوہ پیما حادثے میں ہلاک

854

اسکردو(جسارت نیوز)سرد موسم میں پاکستان کی بلندترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے کی کوشش میںبلغاریہ کا کوہ پیما اٹاناس گریجو سکا حادثے میں ہلاک ہوگیا۔پاک آرمی ہیلی کاپٹر کے ریسکیو آپریشن کے دوران نعش برآمد کرکے اسکردو پہنچادی گئی،رواں سال K2 ونٹر ایکسپڈیشن کے دوران ہلاکت غیر ملکی کوہ پیماؤں کی تعداد 3 ہوگئی ۔ذرائع کے مطابق بلغاریہ کے ممتاز کوہ پیما اٹاناس گریجیو سکاٹو کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی، ڈیڈ باڈی پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ریسکیو آپریشن کے دوران اسکردو منتقل کر دی گئی ہے ۔کوہ پیما کیمپ 3 سے بیس کیمپ جاتے ہوئے رسی ٹوٹ جانے کی وجہ سے گہری برفانی کھائی میں جا گرے تھے۔انہیں نیپالی شرپاز کی ایک ٹیم نے تلاش کر کے نکالنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے تھے، پاک فوج سے ریسکیو آپریشن کی درخواست کی گئی ،جسکے بعدعسکری ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر نے ان کی ڈیڈ باڈی کھائی سے ریسکیو کر کے اسکردو منتقل کی،رواں سال K2 ونٹر ایکسپڈیشن کے دوران ہلاک ہونے والے غیر ملکی کوہ پیماؤں کی تعداد 3 ہوگئی،مرنے والوں میں امریکا،اسپین اور بلغاریہ کے کوہ پیما شامل ہیں۔