کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کی ریلی، عوام کی بڑی تعداد میں شرکت

969

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت کشمیر پربھارت کے غاصبانہ قبضے‘ ریاستی جبرو تشدد اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف اور کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جیل چورنگی تا مزار قائد ایک عظیم الشان یکجہتی کشمیر ریلی منعقد کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ریلی کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، ریلی کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیرلیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر قائدین نے کی، ریلی میں عوام نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بڑی تعداد میں شرکت کی، ریلی میں قائدین نے بینر تھاما ہوا تھا جس پر درج تھا ”حکومت سے 22 کروڑ پاکستانیوں کا مطالبہ، مقبوضہ کشمیر کو آئینی ترمیم کے ذریعہ پاکستان کا حصہ ظاہر کرو، قائدین کے ہاتھوں میں بڑا بینرز تھا جس پر ”مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کرو، امریکہ بھارت گٹھ جوڑ مردہ باد“ درج تھا۔ ریلی کے شرکاء جیل چورنگی سے مارچ کرتے ہوئے مزار قائد پہنچے جہاں قائدین نے خطاب کیا۔

ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سید علی گیلانی اور مجاہدین کشمیر سے اظہار یکجہتی کے نعرے اور جملے درج تھے، ریلی میں جماعت اسلامی کے کارکنان‘سول سوسائٹی‘ہیومن رائٹس ورکرز‘وکلاء‘علماء‘ مزدور‘ طلبا اور صحافیوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں  سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیری مسلمانوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت و ریاست، افواج پاکستان، قومی قیادت و قومی پالیسی ساز مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کو ترک کریں اور سری نگر کو مایوسی کا منفی پیغام ہرگز نہ جانے دیں، مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے متفقہ قومی پالیسی بنائیں اور سفارتی محاذ پر بھارت کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اختیار کریں، مسئلہ کشمیر صرف دوملکوں کا سرحدی تنازع نہیں دوکروڑ انسانوں کا قانونی اور جائز حق کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اس کے اصل فریق ہیں، ان کو الگ کر کے یا نظر انداز کر کے عالمی اسٹبلشمنٹ نے کوئی حل مسلط کرنے کی کوشش کی تو نا یہ مسئلہ حل ہوگا اور نہ امن قائم ہوسکے گا،اقوام متحدہ اور عالمی ادارے مسلم دشمنی و تعصب کا مجرمانہ عمل تر ک کریں اور کشمیریوں کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے رائے شماری کویقینی بنائیں،مودی نے مقبوضہ کشمیر میں جعلی ڈومسائل کے ذریعے کشمیر ی عوام کی آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی ہے اور وہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، اگر اسلام آباد میں بھی کراچی کی عوام کی گنتی اور مردم شماری کو درست نہ کیا تو اس سے سری نگر والوں کو اچھا پیغام نہیں جائے گا، جماعت اسلامی قوم کے ساتھ مل کر کشمیر پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کرنے دے گی،قوم کو متحد اور متحرک رکھیں گے۔