دنیا بھارت کو غیر ذمے دار ملک قراردے‘ صدر علوی

292

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے ساتھ کھڑا رہے گا جبکہ بھارت عالمی برداری سے کیے گئے وعدوں سے پیچھے ہٹ رہا ہے، دنیا کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ بھارت ایک غیر ذمے دار جوہری ملک ہے۔اسلام آباد میں کشمیریوں سے یکجہتی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبات کو دبانے کے لیے تمام حربے استعمال کررہا ہے جو ان کے بنیادی حقوق کی حق تلفی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ پاکستان کی ذمے داری ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں اس کا ساتھ دے اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پر مسلسل احساس دلاتا رہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں باور کرایا کہ وہ مقبوضہ وادی میں استصواب رائے کرائے اور انہیں انصاف فراہم کرے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری کی اس سوچ کو مسترد کر دیا جس میں وہ مسئلہ کشمیر کو محض ریاستی تنازع سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت وادی میں آبادی کا تناسب بگاڑ رہا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اسے روکنا ہو گا اور کشمیری عوام کی نفسیاتی، سماجی اور معاشرتی جدوجہد میں ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن نئی دہلی نے جارحانہ رویہ اختیار کیا اور پلوامہ واقعے کے بعد سرحد پار حملہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ بھارت ایک غیر ذمے دار جوہری ملک ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے پہلے جوہری دھماکے کیے پاکستان نے نہیں کیے تھے اور بھارت نے محدود پیمانے پر جوہری لڑائی شروع کرنے کی کوشش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے انتخابات میں کامیابی کے لیے پاکستان پر حملہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت میڈیا اور عالمی مبصرین کو وادی میں جانے کی اجازت نہیں دیتا اور اپنے مفاد کے لیے انٹرنیٹ سروس بھی معطل رکھتا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور مشال ملک نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھارتی فورسز کے ہاتھوں مظلوم کشمیریوں کی نسل کشی سے نظریں نہیں چرا سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اپنی کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عملدر آمد کرائے ۔