مسئلہ کشمیر پر مربوط پالیسی اور جرأتمندانہ آواز بلند کی جائے ، لیاقت بلوچ

439
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں

 لاہور( نمائندہ جسارت )نائب امیر جماعت اسلامی و قومی کشمیر کانفرنس کے کوآرڈی نیٹر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا اور لاہور میں کشمیریوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ قومی کشمیر کانفرنس میں پوری قومی قیادت نے کشمیریوں سے22 کروڑ عوام کی غیر متزلزل پشتیبانی کا اعلان کردیاہے ۔ عوام عالمی قوتوں اور پاکستانی قیادت کو کشمیر پر بند ر بانٹ اور کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو ملیا میٹ نہیں کرنے دیں گے ۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ 5 فروری کو پوری قوم سڑکوں پر نکلے ۔ چوراہوں پر جمع ہو اور بہادر کشمیریوں کی لازوال تحریک آزادی سے پرعزم یکجہتی کا اظہار کرے ۔ مسئلہ کشمیر پر ہمہ گیر ، جامع ، مربوط قومی پالیسی اور بھارت کے ظلم و جبر و انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف جرأت مندانہ آواز بلند کی جائے ۔وزیراعظم عمران خان 5 اگست 2019ء کے بعد مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ضائع کیے گئے وقت کاازالہ کریں اور متفقہ قومی کشمیر پالیسی کے لیے ماحول ساز گار بنائیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اقوام متحدہ کشمیر پر خاموشی اور جانبداری ختم کرے اور مودی حکومت کے فاشسٹ اقدامات ، جو خطے اور دنیا کے امن کے لیے خطرہ بن چکے ہیں ، کا نوٹس لے اور تمام وسائل و ذرائع استعمال کرتے ہوئے بھارت کو مجبور کرے کہ 5اگست 019 2ء اور اس کے بعد کے تمام غیر قانونی ، غیر انسانی اقدامات واپس لے ۔ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے رائے شماری کا اہتمام کرے ، اس سلسلے میں طے شدہ روڈ میپ پر عمل کرنے کے لیے کمشنر رائے شماری کا تقرر کیا جائے ۔ پاکستانی حکومت نائب وزیر خارجہ برائے کشمیر مقرر کرے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اپنے حصے کا کام مکمل کرے ۔ آزاد جمو ں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو عوام کے سیاسی ،جمہوری اور آئینی و عدالتی حقوق دیے جائیں ۔ مودی طرز کا کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جس سے کشمیر کا مقدمہ کمزور ہو ۔