رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ، مطلوب ملزمان گرفتار

314

کراچی: شہرقائد میں پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات پر مشترکہ کارروائی کی ہے جس کے نتیجے میں انتہائی مطلوب ڈکیت اور موٹر سائیکل چھیننے والے گروہ کے5ملزمان گرفتار ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے بعد گرفتار ملزمان میں ایازعرف ڈوگر، نعیم احمد عرف ریما اور نویدخان عرف ڈابلہ شامل ہیں جبکہ رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان میں حیدر خان عرف چھوٹا کرپشن اور علی مری بھی شامل ہیں اور ملزمان مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور موٹر سائیکلیں چھیننے میں ملوث رہے ہیں۔

خیال رہے ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ ملزمان سرکاری محکمے کے رنگ کی گاڑی بھی استعمال کرتے تھے جبکہ نئے سال کے آغاز سے کراچی میں جرائم کی وارداتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رینجرز حکام کے مطابق  گرفتارملزمان قتل، اقدام قتل و دیگر جرائم میں بھی ملوث ہیں اور گرفتار ملزمان سے 4موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلی گئیں جبکہ ملزمان اور مسرقہ سامان قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیے گئے۔

دوسری جانب کراچی کے ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے رینجرز کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا ہے جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی ہے جبکہ گھر گھر تلاشی کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے تھے۔

پولیس کے مطابق  آپریشن تھانہ ملیر کینٹ کی حدود، گڈاپ، ایئر پورٹ اور قائد آباد کے علاقوں میں کیا گیا اور  آپریشن میں مرد اہلکاروں کے ساتھ خواتین پولیس اہلکاروں کی نفری بھی شامل تھی جبکہ آپریشن میں آئی ٹی ٹیم بھی ساتھ تھی جس کی جانب سے مشتبہ افراد کے شناختی کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔