غریب افراد سب سے زیادہ آٹے کی قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیں، وزیراعظم

306

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ میں غریب افراد سب سے زیادہ آٹے کی قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیں جبکہ نظام کی شفافیت اور کسانوں کے استحصال کے خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق  عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیرِ خزانہ، وزیرِ برائے اقتصادی امور، گورنر اسٹیٹ بینک اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

اس اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور بریفنگ دی گئی کہ کاروباری برادری کی جانب سے معیشت کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کا بھرپور خیر مقدم کیا جا رہا ہے جبکہ ان پالیسیوں کی بدولت کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ان کو کورونا کے باوجود بھی کاروبار کرنے کے لئے موافق فضامیسر آئی ہے۔

آج کے ہونے والے اجلاس میں بنیادی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں جس پر کہا گیا کہ ان تجاویز میں مختلف انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر نظام کی شفافیت اور کسانوں کے استحصال کے خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا۔

دوسری جانب  وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے اور بنیادی اشیائے ضروریہ میں غریب افراد سب سے زیادہ آٹے کی قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیں جبکہ تمام تر ضروری انتظامی اقدامات کو اس حوالے سے یقینی بنایا جائے، تاہم زیر غور تجاویز کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔