امریکن ایئر لائن کے ہزاروں ملازمین لمبی چھٹیوں پر بھیجے جانے کا امکان

601

کورونا وائرس کے باعث معاشی بحران کی شکار امریکن ایئر لائن نے ہزاروں ملازمین کو لمبی چھٹیوں پر بھیجنے کا امکان ظاہر کردیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکن ایئر لائن کے سی ای او نے ایک بار پھر معاشی بحران سے آگاہ کردیا۔ ڈاگ پارکر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایئر لائن کو دیے گئے کورونا امدادی پیکج کی مدت یکم اپریل 2021 کو ختم ہو رہی ہے۔

سی ای او نے بتایا کہ اگر حکومت کی جانب سے امدادی پیکج میں توسیع نہیں کی گئی تو اپنے 13 ہزار ملازمین کو لمبی چھٹیوں پر گھر بھیج دیں گے۔

واضح رہے یکم اکتور 2020 کو امدادی پیکج کی مدت کے خاتمے کے بعد امریکن ایئر لائن نے 19 ہزار ملازمین کو گھر بھیج دیا تھا۔ جب حکومت نے امدادی پیکج میں توسیع کی تو ملازمین کو دسمبر میں دوبارہ بلا لیا گیا تھا۔

ڈاگ پارکر کے مطابق کورونا کی نئی لہر کے باعث بہت سے ممالک نے فضائی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جب کہ امریکا میں کورونا ویکسین کی فراہمی بھی سست روی کا شکار ہے۔

ایئر لائن کے سی ای او ڈاگ پارکر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم دوبارہ انہیں حالات میں آگئے جو 2020 میں تھے۔

ایوی ایشن یونین ایک بار پھر مطالبہ کر رہی ہیں کہ 15 بلین ڈالرز کا امدادی پیکج دیا جائے تا کہ ملازمین بےروزگار نہ ہوں۔

یونائیٹڈ ایئر لائن نے حالیہ دنوں میں اپنے 14 ہزار سے زائد ملازمین کو چھٹیوں پر بھیج دیا۔