پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلیے حمایت جاری رکھےگا، وزیر خارجہ

399

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کا رویہ اقوام متحدہ کے اقدام کےمنافی ہے اور اب بھارت کا اپنا میڈیا بھی مودی ظلم وستم کے خلاف آواز اٹھا رہا ہے جبکہ بھارتی جبرو استبداد سے حریت تحریک کو مزید تقویت ملی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کا کشمیر کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے کہنا تھاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنا چاہتا ہے لیکن بھارتی جبرسے حریت رہنماؤں کی تحریک کو مزیدتقویت ملی ہے جبکہ  پاکستان نےبھارت کا مکروہ چہرہ عالمی سطح پربےنقاب کیا ہے اور اب بھی پاکستان کشمیریوں کےحق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھےگا ۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ 5 اگست 2019 کے بعد سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تین اجلاس منعقد ہوچکے ہیں جن میں جموں وکشمیر پر غور کیاگیا لیکن پھر بھی بھارت ہندوتوا نظریے پر چل کراقلیتوں کو دیوار سے لگا رہا ہے ۔

دوسری جانب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا کے اداروں نے کئی ٹھوس رپورٹس جاری کی ہیں اور ان رپورٹس میں غیرقانونی طورپر مقبوضہ کشمیر میں اپناغیرقانونی تسلط قائم رکھنے کے لئے فوجی محاصرے، کمیونکیشن قدغنوں، میڈیا بلیک آوٹ اور دیگر استبدادی ہتھکنڈوں کے استعمال پر بھارت کی شدید ملامت ومذمت کی گئی ہے۔

شاہ محمودقریشی نے کشمیر کانفرنس سے خطاب کے دوران کہاکہ اٹھارہ ماہ سے جموں کشمیر میں مکمل بلیک آوٹ ہے اور اس دوران نہتے کشمریوں کے گھروں کو آگ لگائی گئی جبکہ انتہا پسند بھارتی حکومت تشدد کو اپنے ناجائز مقاصد کے حصول کے ہتھیار کے طورپر استعمال کررہی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ بی جے پی کے بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانا اور ان کے خلاف متعصبانہ اقدامات اب روزمرہ کا معمول ہیں اور ہندتوا کی انتہاء پسند سوچ نہ صرف کشمیریوں بلکہ خود بھارت کے شہریوں خاص طورپر مسلمانوں کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔

وزیر خارجہ کا کہناتھاکہ بھارتی مظالم کے نتیجے میں کشمیریوں کا بھارتی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کا عزم مزید مضبوط ہوا ہے اور یہ نام نہاد بھارتی دعوی باطل ہے جبکہ بھارت کا اپنا میڈیا بھی اب ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کر رہا ہے اور  بھارتی قابض فورسز نے کشمیری حریت رہنماؤں کو مسلسل جیل میں رکھا ہوا ہے۔