ملک میں کورونا ویکسینیشن مہم کا آغاز ہوگیا

567

ملک بھر میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ ویکسی نیشن مہم کا  آغاز این سی اوسی اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کیا۔

تفصیلات کے مطابق چین نے سائنو فارم ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز کی پہلی کھیپ پاکستان کو عطیہ کی۔ پہلے مرحلے میں ویکسین ہیلتھ ورکرز اور بزرگ شہریوں کو دی جائے گی۔

سندھ میں ویکسی نیشن مہم کا آغاز ڈاؤ یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران کیا گیا جس میں مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے۔

لاہور اور پشاور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اورو زیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ جب کہ بلوچستان میں سیکریٹریٹ کوئٹہ میں  تقریب کے مہمان خصوصی جام کمال خان تھے۔

وزیراعظم سیکریٹریٹ آزاد کشمیر میں وزیراعظم راجہ  فاروق حید رشریک جب کہ گلگت میں  تقریب کے  مہمان خصوصی وزیراعلی ٰخالد خورشید تھے۔

مہم کا افتتاح کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کورونا  ویکسین کی تقریب میں وزرااعلیٰ کی شرکت اتحاد کی علامت ہے، ملک پر مشکل وقت آیا، ہم نے ملکر مقابلہ کیا۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستان نے چین کے تعاون سے  مشکل وقت سے نکلنے میں کامیابی حاصل کی۔ چین نے  ہمیشہ  پاکستان کی مددکی اور دونوں ممالک  کی دوستی مثالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے تمام صوبوں کو مساوی بنیاد پر ویکسین  کی فراہمی ممکن  بنائی گئی۔ کورونا سے نمٹنے کے لیے فرنٹ لائن  ہیلتھ ورکرزنے کام کیا۔ کورونا سے نمٹنے کے لیے فرنٹ لائن  ہیلتھ ورکرز کوویکسین  لگانا  ہماری ترجیح ہے۔