کراچی میں ٹارکٹ کلنگ کی نئی لہر: 6 افراد جاں بحق

798

کراچی میں گارڈن ہیڈکواٹر اور بوٹ بیسن میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آئے جس میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن ہیڈکواٹر کے قریب رات گئے نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت صدام، مسکان، ریحان اور عامر کے نام سے ہوئی جبکہ واقعہ کی جگہ سے 9 ایم ایم پستول کے 9 خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے کار کا تعاقب کرکے فائرنگ کی اور گاڑی کے پچھلے شیشے پر گولیوں کے 2 نشان بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں لڑکا اور لڑکی جاں بحق ہوگئے۔

بوٹ بیسن میں فائرنگ کے معاملے پر پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولین کی عدنان اور عینی کے نام سے شناخت ہوئی اور لڑکا اور لڑکی میاں بیوی نہیں تھے جبکہ واقعہ کی جگہ سے 30 بور پستول کے 6 خول ملے، لڑکی کو 4 اور لڑکے کو 2 گولیاں لگیں، لڑکی کے سر بازو اور سینے پر گولیاں ماری گئیں جبکہ لڑکے کے جسم کے اوپر والے حصے پر 2 گولیاں لگیں۔

پولیس کے مطابق مقتول عدنان ہجرت کالونی کا رہائشی اور ہوٹل پر ملازم تھا تاہم دہرے قتل کا مقدمہ تھانہ بوٹ بیسن میں درج کیا گیا، مقدمہ مقتول عدنان کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔