مسلح افواج ہرخطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، آرمی چیف

407
دشمن پروپیگنڈے سے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچاسکتا ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزور ی نہ سمجھا جائے،مسلح افواج ہرخطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں جی ڈی پائلٹ پاسنگ آؤٹ  کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والاملک ہے،پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے بہت قربانیاں دیں۔

آرمی چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ وقت ہے جب امن کا ہاتھ ہرطرف بڑھنا چاہیے،ہم امن بقائے باہمی اور باہمی احترام کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔

آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہاتے ہوئے مزید کہا کہ ملک دشمنوں کے خلاف آپریشنز میں مسلح افواج کے درمیان تعاون سے بہتری آئی،پاکستانی عوام کو فضائیہ پر فخر ہے،امید ہے کہ ایئرفورس عظمت اور مہارت کی بلندیوں کو چھوئے گی۔

آرمی چیف نے سعودی عرب کے کیڈٹس کی موجودگی کو  بھی سراہاتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم مذہب ، بھائی چارے اور ثقافتی اقدار سے جڑے ہیں،پاکستان اوربھارت کو پرانے تنازع کشمیر کو حل کرنا چاہیے،مسئلہ کشمیر پر امن طریقہ سے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔