سعودی اقامہ اور ویزا ہولڈرز کیلیے نئی سہولت متعارف

422

سعودی وزارت داخلہ نے اقامہ ہولڈرز کے تابعین، وزٹ ویزا کے حامل افراد اور جی سی سی ممالک کے شہریوں کو ابشر پر اکاونٹ کھولنے کی سہولت متعارف کروا دی۔

عرب میڈیا کے مطابق ابشر آن لائن سسٹم کے ذریعے غیرملکی اقامہ ہولڈرز کے تابعین، وزٹ ویزا رکھنے والے اور جی سی سی ممالک کے شہری اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

غیرملکیوں کے تابعین اپنے اقامہ نمبر سے جب کہ وزٹ ویزا کے حامل افراد اور جی سی سی ممالک کے شہری انٹری نمبر سے ابشر پر اپنا اکاونٹ کھول سکیں گے۔

اس کے علاوہ محکمہ پاسپورٹ کے کسی بھی دفتر میں جا کر یا پھر بینکوں میں آن لائن سسٹم سے ابشر اکاونٹ کھولنا ممکن ہے۔

ابشر ایک اسمارٹ فون ایپلی کیشن ہے جو شہریوں اور سعودی عرب میں رہنے والوں کو متعدد سرکاری خدمات کا استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

ابشر ایپ کو نوکریوں اور حج اجازت ناموں کے ساتھ ساتھ دیگر متعدد خدمات کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے ، پاسپورٹ سے متعلق معلومات کو اپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے اور الیکٹرانک جرائم کی اطلاع دی جاسکتی ہے۔

ابشر پلیٹ فارم کو جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کی بدولت مطلوبہ امور آسانی اور تیزی سے انجام پا جاتے ہیں۔

سعودی اور مقیم غیرملکی ابشر پلیٹ فارم اور ایپلی کیشن کے ذریعے اپنے بہت سے کام آن لائن کرا رہے ہیں۔ اب انہیں اپنے کام کرانے کے لیے سرکاری اداروں کے دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑتے۔