کے الیکٹرک کو کسی صورت فرار نہیں ہونے دینگے، حافظ نعیم

952

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو کسی صورت فرار نہیں ہونے دینگے، کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں سے ناجائز اربوں روپے وصول کیے جسے اب تک واپس نہیں کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے اور کسی صورت بھی کے الیکٹرک کے مالکان کو فرار نہیں ہونے دیا جائے گا ،لندن میں عارف نقوی کے خلاف عدالتی فیصلہ کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کے قف کی تائید ہے۔

امیرکراچی کا مزید کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک کے مالکان کو فوری گرفتار کیا جائے اور کے الیکٹرک سے قومی اداروں سوئی سدرن گیس کمپنی اوراین ٹی ڈی سی کی رقم سمیت کراچی کے صارفین کے واجب الاداء300 ارب روپے واپس دلوائے جائیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے عارف نقوی کی گرفتاری کے بعد ابراج گروپ کے سینئر ممبر اور کے الیکڑک کے سابق چیئرمین تابش گوہر کو اپنا معاون خصوصی مقرر کیا تاکہ کے الیکٹرک کی بد عنوانیوں پر پردہ ڈالا جاسکے اور کسی طرح معاملات کو حل کیا جاسکے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو شنگھائی الیکٹرک کے ہاتھوں فروخت کرکے ماکان کو ملک سے فرار کروایا جاسکے اورتابش گوہر بھی یہی کوشش کررہے ہیں کہ کسی طرح کے الیکٹرک کو قومی اداروں اور کراچی کے صارفین کی واجب الادا رقم 300 ارب روپے ادا کئے بغیر نیشنل سیکیوریٹی کلیرینس سرٹیفیکٹ دلوایا جاسکے۔

امیرکراچی کا مزید کہنا تھا کہ اسی وجہ سے وفاقی حکومت اور اسکی کابینہ کے وزراءکے الیکٹرک کا 15سالہ فرانزک آڈٹ کروانے اوراسکے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے اس کے وکیل بن کر اسے تحفظ فراہم کررہے ہیں۔