کورونا ہلاکتوں میں کمی، 26جاں بحق، ملک بھر میں کل سے ویکسنیشن کا اعلان

540

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میںکورونا ہلاکتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جبکہ عالمی وبا سے مزید26 مریض جاں بحق ہوگئے‘ ملک بھر میںکل (بدھ) سے ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے سندھ بھر میں3 فروری سے کورونا ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسی نیشن مرحلے کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے‘ ویکسی نیشن کے آخری مرحلے میں سندھ کے تمام اضلاع میں ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری وڈیو بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین سے منگوائی گئی ویکسین سائنوفارم وائرس کے خلاف90 فیصد کارآمد ہے‘ کراچی میں خالق دینا ہال‘ لیاقت آباد اسپتال‘ جناح اسپتال‘ کورنگی اسپتال‘ اربن ہیلتھ سینٹر ملیر‘ اوجھا اسپتال‘ قطر اسپتال اور چلڈرن اسپتال میں ویکسی نیشن ہوگی‘ سندھ کے دیگر اضلاع میں لمس جامشورو، ایم سی ایچ سینٹر شہید بینظیر آباد کو ویکسی نیشن سینٹر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کو بھی ویکسی نیشن کے پہلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے 28 فروری تک نئی ہدایات اور ایس او پی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔سرکاری، نجی دفاتر سمیت پبلک مقامات پر ماسک پہننا لازمی قراردیا گیا ہے‘سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ گھر سے اور 50 فیصد دفاتر میں کام کرے گا‘کورونا کیسز کے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈائون کیا جائے گا‘ شادی ہال اور تجارتی مقامات ہفتہ وار 6 روز صبح 6 سے رات 10 بجے کھلے رہیں گے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 34785 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1615 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 26 افراد انتقال کر گئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 11683 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ46428 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 33495 ہے۔ 1278 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 1252 ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 8 مریض انتقال کرگئے جبکہ478 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 319 افراد صحتیاب ہوئے ہیں‘ 10355 نمونوں کی جانچ کی گئی‘ اس وقت 18739 مریض زیر علاج ہیں‘ 732 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے78 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ478 نئے کیسز میں سے298 کا تعلق کراچی سے ہے ۔ دوسری جانب چین سے کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان اور چینی سفیر کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے اہم عہدیدار موجود تھے‘ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویکسین وصول کی۔ نور خان ائر بیس پر ویکسین کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ویکسین کی فراہمی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔