روپے کی قدر میں کمی سے قرضہ 3700 ارب روپے بڑھ گیا

548

اسلام آباد: قومی اسمبلی کو حکومت نے آگا ہ کیا ہے کہ گزشتہ 3سال کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہونے سے 3700 ارب روپے قرضہ بڑھا ہے۔

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران طاہرہ اورنگزیب کے سوال کے جواب میں وزارت خزانہ نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ مالی سال 2020-21 ستمبر تک ملکی قرضہ 36 ہزار 900 ارب روپے ہو گیا ہے جس میں ملکی قرضہ 23 ہزار 700 ارب روپے جب کہ غیر ملکی قرضہ 13 ہزار 200 ارب روپے ہے۔

مالی سال 2018-19 سے لے کر مالی سال 2020-21 ستمبر تک روپے کی قدر کم ہونے سے 3700 ارب روپے قرضہ بڑھا، مالی سال 2018-19 میں روپے کی قدر کم ہونے سے 3100 ارب روپے مال سال 2019-20 میں روپے کی قدر کم ہونے سے 400 ارب جب کہ رواں مالی سال ستمبر تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہونے سے 200 ارب روپے قرضہ بڑھا۔