خوشخبری: پاک فضائیہ کا طیارہ کورونا ویکسین لے کر پاکستان پہنچ گیا

524

انتظار کی گھڑیاں ختم، پاک فضائیہ کاخصوصی طیارہ برادر ملک چین سے کورونا ویکسین لے کر اسلام آباد پہنچ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ایئر فورس کا خصوصی طیارہ چین سے ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں لےکراسلام آباد پہنچ گیا ہے، معاون خصوصی ڈاکٹر  فیصل سلطان نے کورونا ویکسین وصول کیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت  ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ سائنو فارم ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی اور ویکسین کیلئے انتھک محنت کرنیوالے ہر شخص کا شکر گزار ہوں، کورونا کا مقابلہ کرنے میں این سی اوسی اور صوبوں نے اہم کردار ادا کیا اور ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز این سی او سی کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کی آمد پر ملک بھر میں جامع حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور اسلام آباد میں ویکسین رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

این سی او سی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی وضلعی سطح پر بھی کورونا ویکسین کوآرڈینیشن مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ سندھ اور بلوچستان میں بھی ویکسین بھیجی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا ویکسین لگنے کا آغاز آیندہ منگل یا بدھ سے ہوجائے گا اور سب سے پہلے ویکسین فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی، فرنٹ لائن ورکرز کے بعد دوسرے مرحلے میں ویکسین 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے گی جبکہ سرکاری سطح پر ویکسین مفت لگائی جائے گی۔