پی ٹی آئی کی حکومت عوام میں غیر مقبول ہورہی ہے، عبدالجبار خان

166

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ 9 فروری کو حیدرآباد کے مقام ہٹری بائی پاس پر پی ڈی ایم کے جلسے میں لاکھوں کی تعداد میں حیدرآباد کے شہری شرکت کرکے جلسے کو تاریخی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ جلسے کے حوالے سے عوام میں جوش وخروش اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت بہت تیزی سے عوام میں غیر مقبول ہورہی ہے اور اس حکومت سے ملک اور خاص طورپر سندھ کے عوام مکمل طورپر بیزار ہیں۔ وہ گنجوٹکر، گلشن حالی، جونیجو کالونی، ہاشمی کالونی اور ہوسڑی میں جلسے کے حوالے سے کارنر میٹنگز اور عوامی رابطہ مہم میں کارکنوں اور علاقے کے لوگوں سے بات چیت کررہے تھے۔ عبدالجبار خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 9 فروری کو حیدرآباد میں پی ڈی ایم کے مرکزی جلسے کا انعقاد کرکے حیدرآباد کے عوام کو ایک اعزاز بخشا ہے کیونکہ حیدرآبا دکے عوام جس طرح کا سیاسی شعور رکھتے ہیں وہ ملک میں بہت کم شہروں کے عوام میں پایا جاتا ہے۔ انہوں نے شہریوں اور کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ جلسے کے حوالے سے بھرپور تیاریاں کریں اور جلسے میں شرکت کے لیے عوام کو گھر گھر جاکر پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان جس بدحالی سے گزر رہا ہے اس کی مثال میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ آئے دن پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہورہے ہیں ۔ غریب عوام کو بھوک اور بدحالی میں مبتلا کیا جارہا ہے۔