معصوم بچی سے زیادتی کے ملزمان کی عدم گرفتاری قابل مذمت ہے

175

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی زون پی پی110کے امیرچودھری عمر فاروق کی صدارت میں ہونے والے اجتماع میں تھانہ رضا آباد کے علاقہ میں معصوم بچی سے زیادتی کے ملزمان کی عدم گرفتاری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔اجتماع سے ضلعی جنرل سیکرٹری ملک معراج الدین،زونل سیکرٹری میاں عطا الرحمن،محمدعلیم سروراورملک خالدجاویدو دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہاکہ جب تک ان درندوں کو عبرتناک سزائیں نہیں دی جاتیں ، معاشرہ ایسے جرائم اور مجرموں سے پاک نہیں ہوسکتا ۔ اسلامی سزائوں پر پھبتیاں کسنے اور انہیں ظالمانہ قرار دینے والوں نے قوم کو موجودہ صورتحال سے دوچار کیا ہے ۔ مغربی اور سیکولر نظام کے پیروکار ملک میں فحاشی عریانی اور بے حیائی پھیلانے کے ذمے دار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عورت کے حقوق کے تحفظ کے نام پر بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کرنے والوں نے پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کردیا ہے ۔ اگر ملک میں رحمۃ اللعالمین ؐ کا نظام موجود ہوتا تو ملک میں شرم و حیا ، عدل و انصاف ، اخوت و محب اور امن کا بول بالا ہوتا۔اجلاس میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیرریلی میں شرکت کے لیے بھی پلاننگ کی گئی۔