کراچی: میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا شیڈول جاری

368

کراچی: سندھ بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کیلیے وزیر تعلیم سندھ نے شیڈول بتا دیا ہے جبکہ رواں برس موسم گرما کی تعطیلات صرف جولائی میں ہونگی اس کا فیصلہ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہناتھا کہ نیا تعلیمی سال دو اگست سے شروع ہوگا اور رواں برس موسم گرما کی تعطیلات صرف جولائی میں ہوںگی جبکہ میٹرک امتحانات یکم سے 15 جولائی اور انٹرمیڈیٹ امتحانات 28 جولائی سے 16 اگست تک ہوجائیں گے۔

وزیر تعلیم  کا کہنا تھا کہ  امتحانات کا دورانیہ  تین کے بجائے دو گھنٹے ہوگا اور تمام بورڈز امتحانات کے نتائج 90روز میں تیارکرکے شائع کروائیں گے جبکہ دونوں جماعتوں کےعملی امتحانات (پریکٹیکلز) جون میں لیے جائیں گے۔

واضح رہے  سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے یکم فروری سے کھل جائیں گے جبکہ سرکاری کالجز میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 102 مثبت کیسز ریکارڈ ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزارت تعلیم نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے تعلیمی سیشن 2020-21 کا جو کیلنڈر جاری کیا اس کے مطابق پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات 18 سے 31 مئی تک ہوں گے۔

پہلی سے چوتھی اور چھٹی اور ساتویں کے امتحانات ادارے یکم سے 15 جون تک لیں گے جبکہ جاری کردہ کیلنڈر کے مطابق پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات کے نتائج کا اعلان 30جون کو ہوگا  اور پہلی سے چوتھی اور ساتویں آٹھویں کے امتحانات کے نتائج کا اعلان یکم جولائی کو کیا جائے گا۔

خیال رہے کورونا وائرس کے باعث گزشتہ برس 15 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے جبکہ سندھ میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے ہی تعلیمی ادارے بند تھے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے صوبائی وزراء کی اجازت سے پورے ملک میں تعلیمی ادارے 18 جنوری سے مرحلہ وار کھولنے کی اجازت  دی تھی  اور  نویں، دسویں، گیارویں اور12 ویں جماعتوں کا تعلیمی سلسلہ 18 جنوری کو شروع ہوجائے گا۔

یاد رہے پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 44 ہزار 813 ہوگئی اور 11657 مریض انتقال کرگئے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 182 ہوگئی ہے اورگزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 34 اموات ہوئیں ہیں۔