ورلڈ حجاب ڈے کے موقع پر کراچی میں ورکشاپ کا انعقاد

794

کراچی(حماد حسین) ورلڈ حجاب ڈے کے موقع پر کراچی میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں عالمی حجاب ڈے کی پاکستانی سفیر مریم جمیل، صاٸمہ اخلاق اور دیگر حجابی بلاگرز نے حجاب کے حوالے سے اپنےتاثرات کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق یوم حجاب ہرسال یکم فروری کو دنیا بھر میں منایا جاتاہے جس کا مقصد حجاب سے جڑی منفی سوچ کو ختم کرنا ہے۔ اس موقع پر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مریم جمیل کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں تیزی سے بڑھتے حجاب فوبیا کےخلاف آواز اٹھانے میں پاکستان بھی اپنا کردار ادا کرے، حجاب پہننے والی خواتین کو امتیازی رویوں اور شدت پسندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، پاکستان ان خواتين کے حقوق کی جنگ میں مثبت کردار ادا کریگا۔

اس موقع پر حجابی سفیر صاٸمہ اخلاق نے پاکستانی میڈیامیں حجابی خواتین کے مسائل کی نشاندہی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حجاب پہننے پر کسی قسم کی پابندی نہیں لیکن اس کے باوجود حجاب کے بارے میں ہمارے معاشرتی رویوں کو سدھارنے کی ضرورت ہے۔

ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکٹس تقسیم کیے گئے، اور آنے والے وقت میں اس جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔