حقیقی تبدیلی کیلیے عوام خیالات اور انتخاب کو بد لیں،معراج الہدیٰ صدیقی

307
حیدرآباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان معراج الہدیٰ صدیقی،ضلعی امیر عقیل احمد خان ودیگر اجتماع عام سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی زون پھلیلی حیدرآباد کے تحت اجتماع عام و تقریب پذیرائی بزرگ ارکان و کارکنان مدرسہ فیض القرآن میں منعقد ہوا ۔ اجتماع عام سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان ، امیر جماعت اسلامی زون کینٹ مشتاق احمد خان ، نائب امیر ضلع حیدرآباد عبدالقیوم شیخ، جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ اور زون پھلیلی کے امیر عدنان دانش نے بھی خطاب کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھی عوام کو مایوس کیاہے ، عوام کو اپنے رویے، خیالات، احساسات اور انتخاب کو بدلنا ہوگا جب ہی پاکستان میں کوئی حقیقی تبدیلی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے، گزشتہ کئی برس سے سندھ میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے،پاکستان میں عام آدمی کی اہمیت ختم ہوتی جا رہی ہے، کسی کی جان و مال محفوظ نہیں، شہریوں کو صحت و تعلیم کی سہولیات میسر ہیں نہ سندھ کے نوجوانوں کا کوئی مستقبل ، سندھ میں عام آدمی کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، عوام مسائل میں گھرتا چلا جا رہا ہے اور دن صرف حکمرانوں کے بدلے ہیں، کرپٹ ٹولہ پے درپے حکمرانی کرتا چلا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی متبادل قوت ہے، جماعت اسلامی ہی ملک کو حقیقی ترقی کی سمت گامزن کر سکتی ہے۔امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں۔ انتخاب ایک بڑے انقلاب کا ذریعہ ہے۔ ہماری زندگی کا بنیادی مقصد اللہ کے دین کو غالب کرنا ہے۔اجتماع عام کے اختتام پر بزرگ ارکان و کارکنان کی پذیرائی کے لیے سرٹیفیکٹس بھی تقسیم کیے گئے۔