اٹلی کی طرف سے بھی سعودی عرب اور امارات کو بڑا دھچکا

364

یمن میں انسانی حقوق کی پامالی میں ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق سماجی کارکنوں اور قانون سازوں کی طرف سے انتباہ کے بعد اٹلی کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اٹلی نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو اسلحہ کی برآمد کو روک دیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ لوگی دی مایو نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک ایسا اقدام ہے جس کو ہم ضروری سمجھتے ہیں۔ ہمارے ملک سے یہ امن کا واضح پیغام ہے۔ ہمارے لئے انسانی حقوق کا احترام ایک اٹل عہد ہے۔

انسانی حقوق تنظیموں نے اٹلی کے اس فیصلے کو “تاریخی” قرار دیا ہے کیونکہ اس سے خلیجی ممالک کو اسلحہ کی فروخت پر مکمل ناکہ بندی کا تعین ہوگا۔

اٹلی میں اسلحہ کی فروخت کے خلاف مہم چلانے والی تنظیموں کے اتحاد ‘اٹلی کے امن اور اسلحے سے پاک نیٹ ورک’ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کم از کم 12،700 بموں کی فراہمی بند ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ 2018 میں  اٹلی کے وزیر اعظم جوسیپے کونٹے نے عہد کیا تھا کہ وہ یمن میں دخل اندازی اور صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی وجہ سے سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت ختم کردیں گے۔