حکومت نے ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا، سراج الحق

600

لاہور: امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ ڈھائی برسوں میں ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کے لیے نہ ہی کوئی قدم اٹھایا اور نہ ہی پلاننگ کی، ایک کنفیوژن کی پالیسی برقرار ہے، لنگرخانے تعمیر ہو رہے ہیں اور لوگوں کو مرغیاں پالنے کے مشورے دیے جا رہے ہیں، اداروں کی دھڑا دھڑ پرائیویٹائزیشن کا عمل جاری ہے اور اربوں ڈالر قرضہ لیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی نے حافظ سلمان بٹ کی دینی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ایک بھرپور سیاسی اور تحریکی زندگی گزاری، وہ جرات اور ہمت کی علامت تھے، ان کی تحریک اسلامی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حافظ سلمان بٹ مزدوروں کی جدوجہد کی علامت تھے، انھوں نے کھیلوں کے فروغ کے لیے بے پناہ کردار ادا کیا۔ وہ تین دفعہ ممبر قومی و صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور انھوں نے اقتدار کے ایوانوں میں عوام کی بھرپور نمائندگی کی۔

قبل ازیں جامعہ مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی، جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اورہم نے ملک کوسیکولر بنانے کی سازشوں کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ختم نبوت کے عقیدے کے خلاف عالمی سازشیں ہو رہی ہیں جس کے خلاف امت کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، اتحاد امت میں ہی پاکستان اور عالم اسلام کے مسائل کا حل مضمر ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کو ایک دیانتدار، بے باک اور نڈر قیادت کی ضرورت ہے جو عالمی سطح پر ایٹمی پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرے۔