پاک-افریقا سیریز: جنوبی آفریقہ کا پاکستان کو جیت کیلیے 88رنز کا ہدف

570

کراچی ٹیسٹ میں جنوبی آفریقہ نے قومی ٹیم کو جیت کے لیے 88 رنز کا ہدف دے دیا جبکہ پاکستانی اسپنرز کی شاندار بولنگ کے باعث جنوبی افریقا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 245 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 187 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کیا تو مہاراج 2 اور کوئنٹن ڈی کوک صفر رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

چوتھے روز کھیل کے آغاز سے ہی پاکستانی اسپنرز چھائے رہے اور جنوبی افریقی بلے بازوں کو جم کر بیٹنگ کا موقع ہی فراہم نہ کیا اور مہمان ٹیم کی باقی 6 وکٹیں صرف 58 رنز پر گر گئیں۔

جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 245 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 88 رنز کا ہدف ملا ہے جبکہ  پاکستان کی جانب سے اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے نعمان علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور یاشر شاہ نے بھی 4 وکٹیں حاصل کیں اور ایک وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی۔

دوسری جانب جنوبی افریقا ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں ایڈن مارکرم 74 اور رسی وین ڈر سن 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

خیال رہے جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 220 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے 378 رنز بنا کر 158 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔

یاد رہے جنوبی آفریقہ کے خلاف قومی ٹیم میں ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے اوپنرعمران بٹ 9 رنز ہی بناسکے تھے جبکہ عابد علی 4، کپتان بابراعظم 7 اور محمد رضوان 33، نعمان علی 24، حسن علی 21 رنز بنا کرآوٹ ہوئے جبکہ یاسرشاہ 38 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔