اسلام آباد میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ، فہرستیں تیار

385

اسلام آباد: لاہور کے بعد اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بھی قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے قبضہ مافیا کےگروپس کے 80 افراد کی فہرست تیار کر لی  ہے اور قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاون کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پوليس، انتظاميہ اور سی ڈی اے نے لينڈ مافیا / قبضہ گروپ کے خلاف گرینڈ آپریشن کے لیے ايک کميٹی تشکيل دی ہے اور اس کميٹی کا کام روزانہ کی  بنياد پر قبضہ مافيا کے خلاف شکايات پر ايکشن و فوری قانونی کارروائی کرنا ہوگا جبکہ کميٹی ميں لينڈ کلکٹر اسلام آباد انتظامیہ کامران چيمہ اور ايس پی اسلام آباد پوليس فرحت کاظمی شامل ہيں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق کمیٹی سرکاری اراضی پر قبضے کو فوری واگزار کروا کر قانونی کارروائی عمل ميں لائے گی جبکہ قبضہ مافيا کے منظم گروہ اور سہولت کاروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل ميں لا کر انہیں عوام کے سامنے بے نقاب کيا جائے گا۔

خیال رہے قبضہ مافیا کے 80 سرغنوں کی ایک لسٹ بھی تیار کر لی گئی ہے جن کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس فہرست میں نامی گرامی قبضہ گروپس کی تفصیلات شامل ہیں جن میں ترنول، بھارہ کہو، جھنگی سیداں کے قبضہ گروپس شامل ہیں جبکہ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کی جانب سے کسی بھی زمين پر قبضے کی شکايت پر کارروائی عمل ميں لاتے ہوئے فوری ايکشن ليا جائے گا اوریہ کميٹی سٹيزن پورٹل اور متعلقہ تھانے ميں دی جانے والی درخواستوں پر فوری عمل درآمد کی بھی پابند ہوگی۔

‎واضح رہے اسی اقدام کو مدِنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد میں کالے شیشوں والی گاڑیوں اور اسلحہ رکھنے کے پرمٹس پر بھی پابندی عائد کر کے گرينڈ آپريشن کا آغاز کیا گیا ہے۔

‎پابندی سے شہریوں کو ہراساں کرنے کی روک تھام ہوگی اور قبضہ مافیا کے زیر استعمال گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے گی۔ اسی طرح اُن کے زيرِ استعمال اسلحے کی برآمدگی کے لیے بھی کارروائی کی جائے گی۔ ‎

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی اور تمام قسم کے اسلحہ رکھنے کے پرمٹس کی منسوخی کے احکامات بھی جاری کیے جبکہ پہلے سے جاری کردہ اسلحہ پرمٹس آج جمعے سے منسوخ ہوجائیں گے۔

یاد رہے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں قبضہ مافیا نے صدر عارف علوی کو بھی نہیں چھوڑا ، قبضہ مافیا نے صدر عارف علوی کا 400 گز کا پلاٹ کٹنگ کرکے بیچ دیا ہے جبکہ قبضہ مافیا نے نئے پاکستان کے حکمرانوں کو پرانا چیلنج کردیا ہے اور عارف علوی نے 400گز کا پلاٹ 1978میں خریدا تھا اور  پلاٹ کی مالیت 40سال پہلے 50ہزار روپے تھی۔