پاکستان آنے والے مسافروں سے متعلق نیا سفری ہدایت نامہ جاری

632

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان آنے والے مسافروں سے متعلق نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ہے، جس میں تمام ممالک کو تین کٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے جاری ہونے والے ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ اے کٹیگری کے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی نہیں ہوگا، کٹیگری اے میں آسٹریلیا، چین، عراق، نیوزی لینڈ، قطر، آئس لینڈ، سری لنکا اور سعودی عرب سمیت 24 ممالک شامل ہیں۔

کٹیگری بی میں شامل ممالک کے ناموں کا ذکر نہیں کیا گیا ہے، البتہ یہ کہا گیا ہے کہ جو کٹیگری اے اور سی میں شامل نہیں وہ ممالک کٹیگری بی کا حصہ ہونگے، کٹیگری بی ممالک کے مسافروں کے لیے 72 گھنٹے پرانی کورونا رپورٹس جمع کروانا ضروری ہوگا۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق کٹیگری سی میں جنوبی افریقہ، برطانیہ، برازیل، آئیرلینڈ، پرتگال اور نیدرلینڈ شامل ہیں، کٹیگری سی کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی آمد این سی او کی اجازت سے مشروط ہوگی۔

کورونا کیسز میں کمی کو دیکھتے ہوئے کٹیگری بی اور سی کے مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ کا دورانیہ 96 سے 72 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔